• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

دبئی میں پاکستان کی سست بیٹنگ، چار وکٹوں پر 207 رنز

شائع November 24, 2018 اپ ڈیٹ November 25, 2018
اظہر علی اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 61اوورز میں 126رنز جوڑے— فوٹو: اے ایف پی
اظہر علی اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 61اوورز میں 126رنز جوڑے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز پاکستان کی سست بیٹنگ کے نام رہا اور میچ کے پہلے دن پاکستان نے 90 اوورز کے کھیل میں چار وکٹوں کے نقصان پر 207رنز بنائے۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز میں پہلے بیٹنگ کرنے کا سرفراز احمد کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور صرف 25 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق 9، 9 رنز بنانے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر سلپ میں کیچ ہوگئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل اور اظہر علی کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی ان دونوں کھلاڑیوں نے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دونوں کھلاڑیوں خصوصاً حارث کا انداز حد سے زیادہ دفاعی اور محتاط تھا جس کے سبب پاکستانی ٹیم کی رنز بنانے کی رفتار انتہائی سست ہو گئی۔

دونوں بلے بازوں نے دوسرے سیشن میں کوئی وکٹ تو نہ گرنے دی لیکن اس دوران رنز بھی معیاری رفتار سے نہ بنا سکے جس کے سبب وکٹ نہ گرنے کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم پر دباؤ قائم نہ ہو سکا۔

رنز کی رفتار پر طاری جمود کا الٹا اثر پاکستانی ٹیم پر پڑا اور ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں اظہر علی کی اننگز رن آؤٹ کی شکل میں اختتام پذیر ہوئی، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 81رنز بنائے۔

پاکستانی بلے باز اظہر علی کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بلے باز اظہر علی کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد تجربہ کار اسد شفیق کی وکٹ پر آمد ہوئی لیکن گزشتہ میچ کے ہیرو اعجاز پٹیل کی گیند پر ایک بھونڈا شاٹ ان کی اننگز کے خاتمے کا سبب بنا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 207رنز بنائے تھے، حارث سہیل 240 گیندوں پر 81 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ بابر اعظم 14رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 2 اور اعجاز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے جہاں اس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024