• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
KandNs Publishing Partner

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کی 104رنز سے فتح

شائع May 30, 2019 اپ ڈیٹ June 12, 2019
انگلش بیٹسمن جو روٹ نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے پی
انگلش بیٹسمن جو روٹ نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے پی

انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کو 104رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کردیا۔

اوول، لندن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا اور میچ کی دوسری ہی گیند پر عمران طاہر نے جونی بیئراسٹو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس موقع پر جیسن روئے اور جو روٹ نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 107رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا لیکن پھر دونوں بلے باز 3 گیندوں کے فرق سے بالترتیب 54 اور 51رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر کپتان آئن مورگن اور بین اسٹوکس کی جوڑی نے میدان سنبھالا اور 106 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی لیکن اس اہم موقع پر عمران طاہر نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مورگن کی 57رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

بین اسٹوکس نصف سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بین اسٹوکس نصف سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جوز بٹلر توقعات پر پورے نہ اتر سکے اور 18رنز بنانے والے بلے باز کی وکٹیں لنگی نگیدی نے بکھیر دیں جبکہ معین علی بھی صرف تین رنز بنا سکے۔

دوسرے اینڈ سے بین اسٹوکس نے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا اور 89رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 300 سے زائد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 79گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 89رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 311رنز بنائے۔

بین اسٹوکس اور آئن مورگن نے تین وکٹیں گرنے کے بعد 106رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز
بین اسٹوکس اور آئن مورگن نے تین وکٹیں گرنے کے بعد 106رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیدی نے تین جبکہ عمران طاہر اور کگیسو ربادا نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب سر پر گیند لگنے کے سبب ہاشم آملا ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 36 تک پہنچا تو ایڈن مرکرم صرف 11 رنز بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی وکٹ بن گئے جبکہ آرچر نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کو پویلین لوٹایا تو جنوبی افریقی ٹیم 44رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ دینے وین در ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 85رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن لیام پلنکٹ کی ایک گیند پر غیرضروری شاٹ نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز کی 68رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے ایف پی

اسکور 142 تک پہنچا تو جین پال ڈومینی بھی صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ مزید دو رنز کے اضافے سے ڈوانے پریٹوریس بھی پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر جنوبی افریقہ کی امیدوں کا محور ڈوسن تھے لیکن نصف سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 50رنز بنا کر آرچر کا شکار بنے۔

ایندائل فلکوایو نے چند اچھے شاٹس لگائے لیکن بین اسٹوکس نے شاندار کیچ لے کر ان کی 24رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا جبکہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے والے ہاشم آملا بھی 13رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔

عمدہ بیٹنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنے والے بین اسٹوکس نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر وکٹیں لے کر جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کا قصہ تمام کرتے ہوئے عالمی کپ کے پہلے میچ کو اپنے لیے یادگار بنا لیا۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 10.1 اوورز قبل ہی 207رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ لیام پلنکٹ اور بین اسٹوکس نے دو، دو وکٹیں لیں۔

برطانوی شہزادے پرنس ہیری خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے — فوٹو: اے پی
برطانوی شہزادے پرنس ہیری خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے — فوٹو: اے پی

بین اسٹوکس کو عمدہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل اوول کے تاریخی میدان میں برطانوی شہزادے پرنس ہیری نے مختصر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ایونٹ بھی برطانیہ میں منعقد کیا گیا تھا۔

انہوں نے ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے "OPEN" کہا اور بگل بجا کر ایونٹ کا آغاز کیا گیا۔

ایون مورگن ٹیم کی قیادت کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ ٹیم میں جیسن روئے، جوز بٹلر، جونی بیئراسٹو، جو روٹ، بین اسٹوکس، معین علی، عادل رشید، لیام پلنکٹ، جوفرا آرچر اور کرس ووکس شامل تھے۔

یہ بھی دیکھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2019: افتتاحی تقریب کی تصویری جھلکیاں

جنوبی افریقہ کی قیادت فاف ڈیوپلیسی کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، ایڈن مرکرم، روسی وین ڈر ڈوسن، کونٹن ڈی کوک، جے پی ڈومینی، ایندائل فلکوایو، کگیسو ربادا، عمران طاہر، ڈوانے پریٹوریئس اور لنگی نگیدی شامل تھے۔

پاکستان ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی جو ناٹنگھم کے میدان پر کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024