• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ایشز سیریز: ٹیسٹ کرکٹ کی کٹ میں نئی تبدیلی متعارف کروائی جائے گی

شائع July 23, 2019 اپ ڈیٹ July 24, 2019
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اپنی نئی جرسی کے ساتھ جس پر نمبر اور نام نمایاں ہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اپنی نئی جرسی کے ساتھ جس پر نمبر اور نام نمایاں ہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز میں چند نئے قوانین متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ایک اور انقلابی تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہو رہا ہے اور اس سیریز میں ایک نئی تبدیلی متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت کھلاڑیوں کی جرسی کی پشت پر نمبر اور نام بھی چسپاں ہو گا۔

اس سے قبل ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ میں کھلاڑیوں کی جرسی پر نام اور نمبر لکھنے کا رواج کافی پہلے متعارف کرا دیا گیا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ کو روایتی سادی جرسی میں کھیلنے پر ہی اکتفا کیا گیا۔

تاہم اب ایشز سیریز کے ذریعے تجرباتی بنیادوں پر جرسی میں نمبر اور نام کی تبدیلی کو آزمایا جائے گا اور کھلاڑیوں اور عوام کے ردعمل کی روشنی میں اسے مستقبل میں اپنانے یا ترک کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان جو روٹ کی نئی جرسی کے ساتھ تصویر سامنے آنے کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ اس سیریز میں ٹیسٹ کرکٹ ایک نئی کٹ میں کھیلی جائے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں تو آج تک اس طرح کی کٹ استعمال نہیں کی گئی البتہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ کے چار روزہ میچوں میں کھلاڑیوں کی کٹ پر نام اور نمبر چسپاں ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سال ایشز سیریز کے ساتھ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا بھی آغاز ہو رہا ہے جس میں کئی قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

نئے قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی سر پر گیند لگنے کی صورت میں بیٹنگ یا باؤلنگ کے قابل نہیں رہتا تو میچ ریفری کی اجازت سے اس کے متبادل کو میدان میں اتارا جا سکے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ اب سلو اوور ریٹ پر صرف کپتان پر پابندی نہیں لگے گی بلکہ پوری ٹیم کو ناصرف یکساں سزا ملے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹیم بھی فی اوور دو پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024