• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

بنگلہ دیش کو شکست، پاکستانی ویمن ٹیم پہلے ٹی20 میچ میں کامیاب

شائع October 26, 2019
پاکستانی ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو 14 رنز سے شکست دے دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستانی ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو 14 رنز سے شکست دے دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

رومانہ احمد کی جارحانہ نصف سنچری کے باوجود پاکستانی ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی20 میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم کی تاریخ میں پاکستانی ویمن ٹیم کے پہلے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم 15 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکی تھی لیکن اس کے بعد کپتان بسمہ معروف اور عمیمہ سہیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کر کے قومی ٹیم کو سنبھالا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

کپتان بسمہ نے 34 اور عمیمہ نے 33 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی اوورز میں ارم جاوید نے اختتامی اوورز میں 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 اور سدرہ نواز نے 5 گیندوں پر 16 رنز بنا کر پاکستان کو 126 کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی 6 رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکی تھی۔

سنجیدہ اسلام اور نگار سلطانہ نے 34 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 40 تک پہنچایا لیکن پھر دونوں کھلاڑی بالترتیب 14 اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

12 اوورز میں 47 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد میدان میں رومانہ احمد کی آمد ہوئی جو اپنی بیٹنگ سے بنگلہ دیشی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئیں۔

انہوں نے 30 گیندوں پر دو چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن میچ کے آخری اوور میں ان کی شاندار اننگز اور بنگلہ دیش کی مزاحمت اختتام کو پہنچی۔

بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا سکی اور پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں 14 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔

قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف شاندار کارکردگی اور بہترین اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024