قومی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا میں فاتحانہ آغاز، ٹور میچ میں کامیاب
شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کے دوران اپنے وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6وکٹوں سے شکست دے کر دورے کا کامیابی سے آغاز کردیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے ریان گبسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔
اس کے بعد کپتان کرس لن اور گریزر بیک گرک نے اسکور کو 40 تک پہنچایا لیکن لن 16 گیندوں پر 24رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ اسکور میں 2رنز کے اضافے سے فریزر کی اننگز بھی تمام ہوئی۔
ایلکس روز اور نیتھن میک سوینی نے 35 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد روز کی اننگز اختتام کو پہنچی جنہوں نے 17 رنز بنائے۔
15ویں اوور میں کرکٹ آسٹریلیا کی سنچری مکمل ہوئی تو امید تھی کہ میزبان ٹیم 150 کے قریب مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب ہو گی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔
پاکستانی باؤلرز نے میچ میں نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی موقع پر میزبان بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنانے میں کامیاب رہی، میک سوینی 30 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان 30 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عرفان نے صرف 19 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کو 78 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، بابر 34 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
فخر زمان نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ایل لوئیڈ پاپ کی وکٹ بن گئے۔
حارث سہیل نے جارحانہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا تھا لیکن جیت سے قدم کی دوری پر وہ 3 چھکوں سے مزین 32رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان نے 13 گیندوں قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے دورہ آسٹریلیا کا کامیابی سے آغاز کر لیا۔