لائن کی سڈنی ٹیسٹ میں 10وکٹیں، آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کیخلاف وائٹ واش
سڈنی: آسٹریلیا نے نیتھن لائن کی 10وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 279 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔
پیر کو سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلین ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 40 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو ڈیوڈ وارنر 23 اور جو برنز 40 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے۔
جو برنز اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ٹوڈ ایسٹل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ وارنر ڈٹ گئے۔
وارنر نے دوسرے اینڈ سے اپنی عمدہ بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مارنس لبوشین کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنا دیا۔
اس دوران ڈیوڈ وارنر نے اپنے کیریئر کی 24ویں سنچری جبکہ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے مارنس لبوشین نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
لبوشین 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو آسٹریلین کپتان ٹم پین نے 217 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی اور کیویز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 416 رنز کا ہدف دیا، ڈیوڈ وارنر ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ہنری اور ایسٹل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔
416 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا اور آسٹریلین باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 کے مجموعی اسکور پر آدھی کیوی ٹیم کو چلتا کردیا۔
ٹام بلنڈل 2، کپتان ٹام لیتھم 1، جیت راوال 12، گلین فلپس صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ روس ٹیلر 22 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔
اس موقع پر کولن ڈی گرینڈ ہوم نے کچھ دیر مزاحمت کی اور 52رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ بی جے واٹلنگ کے ہمراہ 69رنز کی شراکت قائم کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی آسٹریلیا کی فتح کو محض ایک سیشن کے لیے ٹال سکی۔
ان کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور ٹوڈ ایسٹل 17، ولیم سومرویل 7 اور نیل ویگنر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ میٹ ہنری بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔
416 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے میچ میں 279رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
آسٹریلیا کے نیتھن لائن نے 5 حاصل کر کے میچ میں مجموعی طور پر 10وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا جبکہ مچل اسٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
مارنس لبوشین کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔