• KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm

بھارت کو دوسرے میچ میں بھی شکست، نیوزی لینڈ کو سیریز میں فیصلہ کن برتری

شائع February 8, 2020
ویرات کوہلی15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی
ویرات کوہلی15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی

نیوزی لینڈ نے بھارت کو ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں 22 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنروں نے پہلے ون ڈے کی طرح اس میچ میں بھی 93 رنز کا بہترین آغاز کیا تاہم نکولس 41 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل نے دوسری وکٹ میں ٹام بلینڈل کے ساتھ مل کر اسکور کو 142 رنز تک پہنچایا لیکن بلینڈل کی اننگز 22 سے آگے نہیں بڑھ سکی جس کے بعد روس ٹیلر نے بہترین فارم کا ثبوت دیا اور ایک اچھی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جنہوں نے 79 رنز بنائے تھے اور اس وقت ٹیم کا اسکور 157 تھا، کپتان ٹام لیتھم بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 7 رنز کا اضافہ کرکے جدیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 22 رنز سے جیت لیا—فوٹو:اے پی
نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 22 رنز سے جیت لیا—فوٹو:اے پی

روس ٹیلر نے ناقابل شکست 73 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا جس کے لیے جمی نیشام نے 3، گرینڈ ہوم نے 5، ٹم ساؤدھی نے 3 اور چمپان نے صرف ایک رن بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 273 رنز بنائے، روس ٹیلر اور جیمیسن نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 71 اور 25 رنز بنائے۔

بھارت کے چاہل نے سب سے زیادہ 3 اور ٹھاکر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

روہت شرما کی عدم موجودگی میں بھارتی اوپنرز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور اگروال صرف 3 رنز اور پرتھوی شا 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 34 رنز تھا۔

کپتان ویرات کوہلی دوسرے ون ڈے میں بھی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام ہوئے اور 15 رنز بنا کر 57 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تاہم شریاس آئر نے ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالنے کی کوشش کی اور 52 رنز بنائے لیکن بینیٹ نے انہیں 129 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

آل راؤنڈر جدیجا نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر بھارت کو ہدف حاصل کرنے کی امید ضرور دلائی تھی اور سینی نے ان کا ساتھ بھی دیا تھا، اس سے قبل ٹھاکر نے 18 قیمتی رنز جوڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ کو ایک اور شکست، بھارت کا ٹی20 سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ

بھارت کی پوری ٹیم 251 پر آؤٹ ہوگئی، سینی 45 رنز بنا کر جیمیسن کی وکٹ بنے جبکہ بھارت کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز جدیجا تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بینیٹ، ساؤدھی، جیمیسن اور گرینڈ ہوم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ نیشام کے حصے میں آئی۔

میزبان ٹیم نے 22 رنز سے کامیابی حاصل کرکے 3 میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

کائل جیمیسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ کیا تھا تاہم ایک روزہ سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ نے حساب برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور سیریز جیت لی۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024