• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پارلیمنٹ لاجز میں 'مریم اورنگزیب' کے فلیٹ میں آتشزدگی

شائع February 18, 2020
آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا—فوٹو: اسکرین شاٹ
آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا—فوٹو: اسکرین شاٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آگ لگنے کا واقعہ صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں دھواں پھیل گیا اور لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بھجانے کے لیے پہنچا اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

ادھر رکن قومی اسمبلی ابرار شاہ نے کہا کہ آگ، مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں لگی اور اس کا 80 فیصد حصہ چل گیا۔

ابرار شاہ کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے باعث دھواں اتنا تھا کہ سانس تک نہیں لے پارہے تھے۔

علاوہ ازیں واقعے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے آگ سے متاثرہ لاجز کا جائزہ لیا۔

اس دوران ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز نے بریفنگ دی اور بتایا کہ آگ کی اطلاع 11 بج کر 35 منٹ پر ملی، تاہم آگ پر قابو پالیا گیا۔

ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کے 2 ملازمین کو بروقت ریسکیو کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹ پر طیارے کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی، ابتدائی تحقیقات

اس دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے آگ لگنے کی وجہ پوچھی تو ڈائریکٹر لاجز نے بتایا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم ملازم کے مطابق آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی۔

ادھر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا اور مریم اورنگزیب کی والدہ طاہرہ اورنگزیب سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ شکر ہے کہ اللہ نے کسی جانی نقصان سے محفوظ رکھا، اس دوران وہاں موجود اراکین اسمبلی نے شکوہ کیا کہ سی ڈی اے پارلیمنٹ لاجز میں ناقص میٹریل استعمال کررہا ہے اور اپنی مرضی سے افسران ہر کسی کو ٹھیکہ دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں وزیراعظم سیکریٹریٹ کی چھٹی منزل پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا اور امدادی ٹیموں نے اطلاع ملتے ہیں فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024