• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 29 اموات، متاثرین 14788 ہوگئے

شائع April 28, 2020 اپ ڈیٹ April 29, 2020
پاکستان میں جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج بھی مزید کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 14 ہزار 788 جبکہ اموات 322 ہوگئی ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اس دوران ایک ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ دوسرے ماہ کافی زیادہ دیکھنے میں آئی۔

26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ کو ملک میں وائرس سے پہلی موت کی تصدیق خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔

اگر وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ پر نظر ڈالیں تو 25 مارچ تک ملک میں ایک ہزار کیسز تھے تاہم اس کے بعد سے اب تک تقریباً 13 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسی طرح مارچ کے آخر تک پاکستان میں اموات کی تعداد 26 تھی جو تاہم اپریل میں ابھی تک 265 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (28 اپریل) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 335 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 335 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 5291 ہوگئی۔

صوبے کے اموات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد سندھ میں اموات کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 204 کیسز اور 11 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد تعداد 5730 ہوگئی ہے۔

ان کیسز کی تفصیلات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 768 زائرین سینٹرز، 1925 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور 2951 عام شہری ہیں۔

ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 11 اموات سے مجموعی تعداد 95 ہوگئی ہیں۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 1380 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 16 افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے جبکہ ایک شخص کی موت کی بھی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 245 سے بڑھ کر 261 تک پہنچ چکی ہے۔

بعد ازاں مزید 36 افراد میں کورونا کی تصدیق کی گئی جس کے بعد دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 297 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں کورونا کے مزید 176 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 2160 ہوگئی۔

صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 10 اموات بھی ہوئی جن میں سے 7 مریض پشاور، 2 مردان اور ایک ایبٹ آباد میں جاں بحق ہوا۔

ان اموات کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 114 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کورونا وائرس سیل بلوچستان کے ترجمان نے کورونا کے مزید 62 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 915 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 176 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آئے۔

علاقے میں مزید 12 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 318 سے بڑھ کر 330 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

جہاں ایک طرف ملک میں کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھنا حوصلہ افزا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 204 افراد نے اس وائرس کو شکست دی۔

جس کے بعد ملک میں شفایاب افراد کی تعداد 3029 سے بڑھ کر 3233 تک جاپہنچی ہے۔

مجموعی صورتحال

اس تمام صورتحال کے بعد ملک کی مجموعی صورتحال کا اگر جائزہ لیں تو کیسز کے حساب سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

صوبہ پنجاب کے کیسزکی تعداد اس وقت 5526 ہے جبکہ سندھ میں 4956 لوگ وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 2160 جبکہ بلوچستان میں 915 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 297، گلگت بلتستان میں 330 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 65 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہے اور وہاں 100 سے زائد لوگ وائرس سے انتقال کرکچے ہیں۔

خیبرپختونخوا: 114

پنجاب: 95

سندھ: 92

بلوچستان: 14

اسلام آباد: 4

گلگت بلتستان: 3

آزاد کشمیر کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 13 ہزار 328 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 277 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024