• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد، اموات 486 ہوگئیں

شائع May 4, 2020 اپ ڈیٹ May 5, 2020
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور ایک مرتبہ پھر ریکارڈ 1371 کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 501 ہوگئی جبکہ اب تک 486 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے لے کر 31 مارچ تک عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد تھی اور اس دوران 8 اموات بھی ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل کے اوائل سے کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا اور 30 اپریل تک ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اس عرصے میں 359 افراد کا انتقال بھی ہوا۔

جس کے بعد مئی کا آغاز ہوتے ہی صرف 3 روز میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات 459 تک پہنچ گئیں۔

علاوہ ازیں 3 مئی پاکستان میں کورونا وائرس کے اس وقت تک کے ریکارڈ ایک ہزار 324 کیسز سامنے آئے تھے۔

4 مئی کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے ریکارڈ کیسز سامنے آئے اور اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 417 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کی تشخیص کے لیے 2 ہزار 571 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 417 کے نتائج مثبت آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 ہزار 882 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں وائرس سے ہونے والے اموات کی تعداد 137 تک پہنچ گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مزید 74 مریضوں کی صحتیابی کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کوشکست دینے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 629 ہوگئی۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز اور 5 اموات سامنے آئی ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 7ہزار 646 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے کیسز کی مزید تفصیل بتاتے ہوئےترجمان نے کہا کہ متاثرین میں 768 افراد زائرین سینٹر، 1926 افراد رائے ونڈ سے منسلک، 4 ہزار 866 عام شہری اور 86 قیدی ہیں۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا کہ مزید 5 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 126 اموات تک پہنچی جبکہ 25 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

بعد ازاں رات گئے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں مزید کیسز کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ مجموعی کیسز 8103 ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید 10 افراد کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 136 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 716 افراد مکمل صحتیاب ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وبا کے مریضوں کی تعداد 393 سے بڑھ کر 415 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں دارالحکومت میں 49 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 464 ہوگئی۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا تھا۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 159 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 3288 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں کورونا سے اموات 185 ہوگئی ہیں۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 3 کی پشاور جبکہ صوابی اور بنوں میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 103 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1321 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کے کیسز 1170 ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 67 سے بڑھ کر 71 ہوگئی۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر اس وبا سے سب سے کم متاثر ہوا ہے جہاں کیسز میں اضافے کی شرح ملک کے دیگر حصوں سے کم ہے۔

گلگت بلتستان

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

ان کیسز کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 372 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم اس وبا کے دوران اُمید کی کرن اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں ہونے والا اضافہ ہے۔

ایک جانب جہاں ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب سے اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 521 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر صحت یاب افراد کی تعداد 5 ہزار 114 سے بڑھ کر 5 ہزار 635 ہوگئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے حوالے سے ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت سندھ اور پنجاب کے کیسز میں زیادہ فرق نہیں ہے، سندھ میں یہ تعداد 7 ہزار 882 جبکہ پنجاب میں 7 ہزار 646 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 288 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد ایک ہزار 321 تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی طور پر 464 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد 372 ہے۔

مزید برآں آزاد کشمیر میں اب تک 71 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا ملک میں اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 185

  • سندھ: 137

  • پنجاب: 136

  • بلوچستان: 21

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 20 ہزار سے زائد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات دیکھی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 450 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024