• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس: ایک ہی روز میں ریکارڈ 2468 کیسز، پاکستان میں متاثرین 35 ہزار 385 ہوگئے

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 8812 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 8812 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک پاکستان میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 35 ہزار 385 ہوگئی جبکہ 761 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق آج (13 مئی کو) مزید 2 ہزار 468 نئے کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

پاکستان میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کراچی میں ہوئی تھی، ابتدا میں ملک میں وائرس کا پھیلاؤ سست تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پورے ملک میں بتدریج لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس میں 2 مرتبہ توسیع بھی کی گئی بعد ازاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا۔

لاک ڈاؤن کے باوجود مارچ اور اپریل میں کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تاہم مئی کے آغاز سے ہی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں مزید تیزی آئی جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ یکم مئی سے لے کر اب تک صرف 13 دن میں 15 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 731 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 731 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 341 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مزید 16 اموات کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ آج سامنے آنے والے کیسز میں سے 585 کیسز کراچی میں سامنے آئے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 362 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 13 ہزار 231 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 3 افراد انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی 214 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تمام نئے کیسز عام شہریوں میں سامنے آئے جن میں سب سے زیادہ 816 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اب کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں مزید 43 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 716 سے بڑھ کر 759 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 231 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5252 ہوگئی۔

بیان میں وبا سے مزید 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 275 ہوگئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 4 کی پشاور، 2 کی نوشہرہ جبکہ خیبر اور لوئر دیر میں ایک، ایک موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 81 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2239 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 1886 ہے جبکہ 326 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق مزید 2 کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 86 سے بڑھ کر 88 ہوگئی۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے اور گزشتہ روز وہاں پہلی موت کی تصدیق کی گئی تھی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور آج مزید 18 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 457 سے بڑھ کر 475 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں ملک میں کورونا وائرس کے مریض اور اس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس مرض کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید 257 افراد کا اضافہ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی پاکستان میں اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 8555 سے بڑھ کر 8812 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو اب تک 35 ہزار 67 افراد متاثر جبکہ 753 انتقال کرچکے ہیں اور 8 ہزار 812 افراد کی صحتیابی کے بعد ملک میں ابھی 25 ہزار 502 فعال کیسز موجود ہیں۔

صوبہ سندھ کے کیسز کی تعداد اس وقت سب سے زیادہ 13ہزار 341 ہے جس کے بعد پنجاب میں 13 ہزار 231 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 252 ہے جبکہ بلوچستان میں 2 ہزار 239 لوگ عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔

اسلام آباد میں 759 افراد کو وائرس لپیٹ میں لے چکا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں اس نے 475 اور آزاد کشمیر میں 88 افراد کو متاثر کیا ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 275

  • سندھ: 234

  • پنجاب: 214

  • بلوچستان: 27

  • اسلام آباد: 06

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 31 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024