• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm

بابر اعظم ٹی20 میں عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم

شائع September 9, 2020
ڈیوڈ ملان عالمی نمبر ایک ٹی20 بلے باز بن گئے— فوٹو: اے ایف پی
ڈیوڈ ملان عالمی نمبر ایک ٹی20 بلے باز بن گئے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی محدود اوورز کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی20 میں عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز انگلینڈ کی ٹیم 1-2 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی اور اس سیریز سمیت ٹی20 کرکٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی پر ڈیوڈ ملان عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

ڈیوڈ ملان اب تک 16 ٹی20 میچوں میں 48.71 کی اوسط اور 146.66 کے اسٹرائیک ریٹ سے 682 رنز بنا چکے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف 43 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

سیریز کے اختتام تک چار درجے ترقی پا کر وہ عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے اور پاکستان کے بابر اعظم عالمی نمبر دو بلے باز بن گئے ہیں۔

ان کی عمدہ کارکردگی پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ڈیوڈ ملان کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ایرون فنچ، چوتھے پر بھارت کے لوکیش راہل، پانچویں پر کولن منرو، چھٹے پر گلین میکسویل، ساتویں پر حضرت اللہ، آٹھویں پر ایون لوئس، نویں پر ویرات کوہلی اور 10ویں پر اوئن مورگن شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون ریفری کو ’غلطی‘ سے گیند مارنے پر جوکووچ یو ایس اوپن سے باہر

باؤلنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان اور مجیب الرحمٰن بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ایشٹن ایگار موجود ہیں۔

اس کے علاوہ تبریز شمسی چوتھے، ایڈم زامپا پانچویں، مچل سینٹنر چھٹے، عادل رشید ساتویں، عماد وسیم آٹھویں، شاداب خان نویں اور کین رچرڈسن 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں فتح کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

عالمی ٹی20 رینکنگ میں انگلینڈ دوسرے، بھارت تیسرے، پاکستان چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔

افغانستان کے محمد نبی ٹی20 رینکنگ میں عالمی نمبر ایک آل راؤنڈ ہیں جبکہ گلین میکسویل ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024