گولڑہ اور اٹک کے درمیان سفر کیلئے خصوصی سیاحتی ٹرین متعارف
راولپنڈی: پوٹوہار خطے کی ثقافت اور خوبصورتی کے فروغ کے لیے شروع کی گئی پاکستان ریلوے کی سفاری ٹورسٹ ٹرین گولڑہ اسٹیشن سے اٹک روانہ ہوگئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے ہمراہ گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر سیاحتی ٹرین کا افتتاح کیا۔
ٹرین ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو گولڑہ سے حسن ابدال، اٹک خورد اور اٹک شہر جبکہ اطراف کے علاقوں میں جانے والے سیاحوں کو سیر کروائے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا وہ ریلوے اسٹیشن جو تاریخ کا حصہ بن گیا
یہ سفر گولڑا، ٹیکسلا، حسن ابدال اور اٹک شہر ریلوے اسٹیشنز سے گزرتے ہوئے تاریخی اٹک خورد اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوگا۔
سیاح پوٹوہار کی خوبصورتی کا تجربہ کریں گے جس میں مارگلہ پہاڑیوں، سنگجانی سرنگ اور چبلال برج، ہارو پل، غازی بروتھا اور اٹک خورد پل جیسے بہت سے پل شامل ہیں۔
سفاری ٹرین صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان دریائے سندھ پر واقع قدیم آئرن گرڈر پل سے بھی گزرے گی۔
افتتاحی تقریب گولڑہ ریلوے جنکشن پر منعقد ہوئی جو 1882 میں تعمیر کی گئی تھی۔
پاکستان ریلوے نے اس اسٹیشن پر ایک میوزیم بھی تعمیر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے کے خستہ حال ٹریکس کی فوری مرمت کی جائے، ٹرین ڈرائیورز کا مطالبہ
صحافیوں اور گولڑہ اسٹیشن اور بعد میں اٹک خورد میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ سفاری ٹرین کا آغاز ملکی ثقافت اور خوبصورتی کے فروغ کے لیے اہم تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تفریحی سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کا ذریعہ ہوگا، اس طرح کی ٹرینوں کو ملک کے دیگر علاقوں میں بھی شروع کیا جانا چاہیے اور پاکستان ریلوے ملک کے قدرتی خوبصورتی اور ثقافت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، کسی بھی ملک کی ترقی اس کی سیاحت سے جڑی ہوتی ہے۔
وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ ٹرین کا مقصد ملک کی ثقافت، تہذیب اور ورثے کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں بدعنوانی ختم کرنا میری اولین ترجیح ہے، 'میں ادارے سے تمام کالی بھیڑوں کا خاتمہ کروں گا اور اسے منافع بخش بناؤں گا'۔