• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

روٹ کی سنچری، انگلینڈ کو بھارت کیخلاف 345رنز کی برتری حاصل

شائع August 27, 2021
انگلش بلے باز رورے برنز کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
انگلش بلے باز رورے برنز کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے کپتان جو روٹ سمیت ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی بہترین بلے بازی کی بدولت بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں 345 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ نے میچ کے دوسرے دن 120 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو حسیب حمید کے ساتھ رورے برنز وکٹ پر موجود تھے۔

بھارت کو وکٹ کے حصول کے لیے دوسرے دن زیادہ انتطار نہ کرنا پڑا اور رورے برنز 135 کے مجموعی اسکور پر 61 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

گزشتہ روز بہترین کھیل پیش کرنے والے نوجوان حسیب دوسرے دن بجھے بجھے نظر آئے اور حد سے زیادہ دفاعی انداز اختیار کرنے کی صورت میں وکٹ گنوا بیٹھے، رویندرا جدیجا نے ان کی 68رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے ان فارم کپتان جو روٹ آئے اور دونوں نے ذمے درانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ تیزی سے اسکور میں اضافہ کرنا بھی شروع کردیا۔

کھانے کے وقفے تک انگلینڈ نے مزید کوئی وکٹ نہ گنوائی اور ان دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 139 رنز جوڑے۔

چائے کے وقفے سے کچھ لمحے قبل محمد سراج نے ڈیوڈ ملان کی 11 چوکوں سے مزین 70 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے کپتان جو روٹ ڈٹے رہے اور اپنی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لگاتار تیسرے میچ میں سنچری اسکور کی۔

بیئراسٹو نے کپتان کے ساتھ 52 رنز جوڑے لیکن 29رنز بنانے والے بلے باز محمد شامی کی گیند پر بھارتی کپتان کوہلی کو کیچ دے بیٹھے جبکہ جوز بٹلر بھی صرف 7رنز بنا سکے۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے لگاتار تیسرے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے لگاتار تیسرے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

بھارت کو دن کی سب سے بڑی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب 383 کے مجموعی اسکور پر جسپریت بمراہ نے انگلش کپتان کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا جنہوں نے 14 چوکوں سے سجی 121 رنز کی خوبصورت اننگز تراشی۔

معین علی بھی 8 رنز بنانے کے بعد جدیجا کی وکٹ بنے جبکہ دن کے اختتام سے قبل بھارتی باؤلرز نے سیم کرن کی وکٹ لے کر سیشن میں پانچویں وکٹ حاصل کی۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 423 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 345رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی تھی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین جبکہ جدیجا اور سراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آج تک کوئی بھی ٹیم اتنی بڑی برتری لینے کے بعد میچ نہیں ہاری۔

واضح رہے کہ سیریز میں 0-1 کی برتری کی حامل بھارتی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پہلی اننگز میں صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024