• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایران کا عالمی پابندی کے اثرات کم کرنے کیلئے 'کرپٹو کرنسی' کے استعمال پر غور

شائع September 17, 2021
ایک رپورٹ کے مطابق ایران میں یومیہ 700 بٹ کوائنز کی تجارت ہوتی ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
ایک رپورٹ کے مطابق ایران میں یومیہ 700 بٹ کوائنز کی تجارت ہوتی ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

ایرانی عہدیدار نے تجویز پیش کی ہے کہ ملک پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے مسائل پر قابو پانے کے لیے کرپٹو کرنسیوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اقتصادی کمیشن کے ترجمان غلام رضا مرحبا نے کہا کہ 'ہم کرپٹو کرنسی کے رجحان سے مزید لاتعلق نہیں رہ سکتے'۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے 'آئی ایس این اے' کے مطابق انہوں نے کہا کہ 'کرپٹو کرنسی کے ذریعے رقم کی منتقلی سے پابندیوں کا مقابلہ اور معیشت پر ان کے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: معروف کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں کمی

غلام رضا مرحبا پارلیمنٹ میں ایران میں کرپٹو کرنسی مارکیٹ کے حجم اور ٹیکنالوجی کو کس طرح بہترین طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے، کے حوالے سے رپورٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایران میں یومیہ 700 بٹ کوائنز کی تجارت ہوتی ہے۔

اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں سالانہ 3 لاکھ 24 ہزار کے مقابلے میں ایران میں 19 ہزار 500 بٹ کوائنز کی مائننگ ہوتی ہے۔

غلام رضا مرحبا کا کہنا تھا کہ 'کرپٹو کرنسی کا بہترین استعمال ایرانی معیشت کے لیے بہترین مواقع پیدا کر سکتا ہے'۔

ایران، دنیا کے ان چند ابتدائی ممالک میں سے ایک ہے جس نے ستمبر 2018 میں بٹ کوائنز اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کی مائننگ کو قانونی قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: بٹ کوائن کی قیمت میں کمی کا سلسلہ تھم نہ سکا

تاہم مئی میں اس وقت کے صدر حسن روحانی نے ملک بھر میں بجلی کی بندش کے بعد 4 ماہ کے لیے تمام کرپٹو کرنسیوں کی مائننگ پر پابندی عائد کر دی تھی۔

منافع بخش طور پر یا بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کی مائننگ کے لیے بڑی تعداد میں کمپیوٹرز درکار ہوتے ہیں، جن کے ذریعے مشکل ترین مساواتیں حل کی جاتی ہیں، اس کوشش میں عالمی سطح پر پورے ملک سے زیادہ بجلی کا استعمال ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024