• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm

خدمات کی برآمدات میں جولائی تا مارچ 17 فیصد اضافہ

شائع May 8, 2022
پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ 22-2021 میں خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کای تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ 22-2021 میں خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کای تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کیے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق خدمات کی برآمدات میں رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 17.07 فیصد اضافہ ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قدر کے اعتبار سے خدمات کی برآمدات جولائی تا مارچ 22-2021 میں 5.15 ارب ڈالر رہیں جبکہ پچھلے سال کے اسی دورانیے میں برآمدات 4.40 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

خدمات کی برآمدات مارچ میں 20.19 فیصد بڑھ کر 66 کروڑ 82 لاکھ ڈالر ہوگئیں جو کہ پچھلے سال مارچ میں 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں، تاہم خدمات کی برآمدات میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں 24.93 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

مالی سال2021 میں خدمات کی برآمدات 9.19 فیصد اضافے کے بعد 5.93 ارب ڈالر تھیں جبکہ اس سے پچھلے سال 5.43 ارب ڈالر رہی تھیں۔

مزید پڑھیں: تجارتی خسارہ 70 فیصد اضافے کے بعد 35 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا

آئی ٹی سے متعلقہ خدمات میں تاریخ میں سب سے زیادہ نمو نے مجموعی طور پر برآمدات کو بڑھایا۔

خدمات کی برآمدات میں فنانس اور انشورنس، ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج، تھوک اور خوردہ تجارت، پبلک ایڈمنسٹریشن اور دفاعی شعبہ جات شامل ہیں۔

وزارت تجارت نے 22-2021 کے لیے خدمات کی برآمدات کے ہدف کا تخمینہ 7.5 ارب ڈالر لگایا ہے۔

خدمات کا شعبہ ملکی معیشت کی نمو میں اہم شعبے کے طور پر ابھرا ہے جس کا جی ڈی پی میں حصہ 06-2005 میں 56 فیصد کے مقابلے میں 21-2020 میں بڑھ کر 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تجارتی خسارہ جولائی سے جنوری کے دوران 28 ارب 82 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، ادارہ شماریات

اسی طرح خدمات کی درآمدات بھی جولائی تا مارچ 22-2021 میں 31.33 فیصد بڑھ کر 8.33 ارب ڈالر ہوگئیں، جو پچھلے سال کے اسی دورانیے میں 6.34 ارب ڈالر تھیں۔

خدمات کی درآمدات پچھلے سال مارچ کے مقابلے میں 25.29 فیصد اضافے کے بعد 93 کروڑ 21 لاکھ ڈالر ہو گئیں، جبکہ خدمات کی برآمدات پچھلے مہینے کے مقابلے میں 12.87 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔

خدمات کی درآمدات مالی سال 2021 میں 10.75 فیصد کم ہو کر 7.8 ارب ڈالر تھیں جو اس سے پچھلے سال 8.75 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 ماہ میں خدمات کا تجارتی خسارہ 63.64 فیصد بڑھ کر 3.17 ارب ڈالر ہوگیا، جبکہ تجارتی خسارہ مالی سال 2021 کے ابتدائی 9 ماہ میں 1.94 ارب ڈالر تھا۔

مارچ میں تجارتی خسارہ 40.37 فیصد بڑھ کر 26 کروڑ 38 لاکھ ڈالر ہوگیا جو پچھلے سال مارچ میں 18 کروڑ 79 لاکھ ڈالر تھا۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے بجٹ 22-2021 میں خدمات کی برآمدات خاص طور پر آئی ٹی کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024