• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:30pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:30pm

خیبرپختونخوا: شانگلہ کے جنگلات میں مزید دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھی

شائع June 6, 2022
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں— فائل فوٹو: ریسکیو 1122
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں— فائل فوٹو: ریسکیو 1122

ضلع شانگلہ کے مزید دو مقامات پر پہاڑوں پر واقع جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز علی جان کپرائی کے بلند مقام پر واقع علاقے میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، گزشتہ روز ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے دو روز کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تھا۔

سب ڈویژنل افسر زاہد حسین نے ڈان کو بتایا کہ دو روز کی مسلسل جدوجہد کے بعد علی جان کپرائی میں لگنی والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا، امدادی کارروائی میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور پولیس کے اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تتوالان، چکیسر اور شانگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا، تاہم مقامی جنگلات کے گارڈ کا کہنا ہے کہ اتوار کو مارتونگ کے علاقے پیشا موڑ پر آگ بھڑک اٹھی ہے جو تیز ہواؤں کے سبب پھیل رہی ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: شانگلہ کے جنگلات میں آتشزدگی سے 3 افراد جاں بحق

ایک پیغام میں فارسٹ گارڈ نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ یہاں 1122 ریسکیو ٹیمیں اور محکمہ جنگلات کا مزید عملہ بھیجیں تاکہ آتشزدگی پر قابو پایا جاسکے۔

فارسٹ گارڈ کے مطابق آگ جنگلات کو خاکستر کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کی جانوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان کا کہنا تھا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ گزشتہ ضلعی ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع الپوری کے پہاڑوں میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرہ مقامات پر ٹیمیں بھیجی ہیں تاکہ درختوں اور جنگلی حیات کو محفوظ بنایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: جنگلات میں مختلف مقامات پر آتشزدگی، ریسکیو آپریشن جاری

دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ چکیسر اور دیگر علاقوں میں مقیم متاثرہ خاندانوں کی مدد کرتے ہوئے آگ بجھانے کی تمام تر کوششیں کریں۔

سوات

ڈپٹی کمشنر جنید خان کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام مقامات پر جنگلات میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پاتے ہوئے آگ بجھادی گئی ہے۔

ہفتے کے روز سوات میں متعدد مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑکنے کے واقعات پیش آئے تاہم، کبل تحصیل کے سیرسنائی کے علاوہ تمام مقامات پر آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے۔

مہمند

اتوار کی صبح ضلع مہمند کے 7 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بشارت حسین نے ڈان کو بتایا کہ آگ لگنے کے واقعات انگور کور، تحصیل ایکا گھنڈ، جندا چیک پوسٹ لکارو، تحصیل خیوزی بائی زئی کے پہاڑوں، درواز گئی دوئم، ترغا اور امبر تحصیل، صافی تحصیل کے پہاڑوں اور درواز گئی ووچا جاور کے علاقوں پیش آئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’ اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سوات میں آگ پر قابو پانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے این ڈی ایم اے کی سفارش پر ہدایت جاری کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024