• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:30pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:30pm

فٹبال ورلڈ کپ: رونالڈو کا ریکارڈ، پرتگال، سوئٹزرلیند کی جیت، یوروگوائے کا جنوبی کوریا سے مقابلہ برابر

شائع November 25, 2022
رونالڈو نے پرتگال کے لیے ایک  گول کیا—فوٹو: رائٹرز
رونالڈو نے پرتگال کے لیے ایک گول کیا—فوٹو: رائٹرز

فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جہاں شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈ کے ریکارڈ گول کی بدولت پرتگال نے گھانا اور سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو شکست دی جبکہ یوروگوائے اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔

الجنوب اسٹیڈیم میں گروپ جی کے کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو 0-1 سے شکست دے دی۔

سوئٹزرلینڈ کے بریل ایمبولو نے میچ کے 48 ویں منٹ میں گول کیا جو پورے میچ کا واحد گول ثابت ہوا۔

کیمرون کی ٹیم گول کرنے میں ناکام ہوئی اور سوئٹزرلینڈ نے میچ کے اختتام تک برتری برقرار رکھی اور 3 قیمتی پوائنٹ حاصل کرلیا۔

ایجوکیشن سٹی میں گروپ ایچ کا پہلا مقابلہ یوروگوائے اور جنوبی کوریا کے درمیان ہوا جہاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

مجموعی طور پر یورگوائے کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ جنوبی کوریا کو زیر نہیں کرسکی اور مقررہ وقت تک گول نہیں کرپائی۔

دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دیا گیا۔

گروپ ایچ کا دوسرا میچ اسٹیڈیم 974 (راس ابو عبود) میں پرتگال اور گھانا کے درمیان ہوا۔

گھانا کی ٹیم تجربہ کار پرتگال کے لیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوئی اور بھر پور مقابلہ کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کو اہم مواقع پر مشکلات سے دوچار کردیا۔

پرتگال نے جیت کی کوششیں جاری رکھیں لیکن پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں کرسکی۔

میچ میں برتری کے باوجود پرتگال کو آخری لمحات میں گھانا کی ٹیم نے پریشان ضرور کردیا تھا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے 65 ویں منٹ میں ٹیم کے لیے پہلا گول کیا اور جیت کی بنیاد رکھی تاہم گھانا نے اس برتری کو جلد ہی ختم کردیا۔

مسلسل 5 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل کرنے والے رونالڈو نے پانچویں ایونٹ میں گول کرکے ریکارڈ قائم کیا۔

گھانا کی جانب سے اینڈرے آئیو نے 73 ویں منٹ میں پہلا گول کیا اور پرتگال کے ساتھ میچ برابر کردیا۔

پرتگال کے جواؤ فلکس نے 78 ویں منٹ میں گول کیا، جس سے ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری ملی، محض دو منٹ بعد رافیل لیاؤ نے گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔

گھانا نے 80 ویں منٹ میں پرتگال کے تیسرے گول کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور 89 ویں منٹ میں زبردست تیکنیک اپناتے ہوئے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔

کرسٹیانو رونالڈو اس وقت میدان سے باہر تھے اور گھانا کے لیے عثمان بکاری کے دوسرے گول پر خاصے پریشان نظر آئے تاہم ٹیم نے دفاع کیا۔

پرتگال نے اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2024
کارٹون : 10 نومبر 2024