• KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm
  • KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان پردو میچوں کی پابندی

شائع July 26, 2023
فائل فوٹو: ٹوئٹر
فائل فوٹو: ٹوئٹر

بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اسٹمپ توڑنے اور امپائروں سے بدتمیزی کرنے پر بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور پر 2 میچز کی پابندی عائد دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہرمن پریت کور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 میچز کی پابندی عائد کرنے کے علاوہ 75 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ہرمن پریت کور نے ’امپائر کے فیصلے پر اختلاف ظاہر کرنے‘ اور ’بین الاقوامی میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر عوامی تنقید‘ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سزا قبول کرتی ہیں۔

معاملہ اس وقت شروع ہوا جب 22 جولائی کو بھارت اور بنگلادیش کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا گیا، میچ کے دوران جب امپائرز نے ہرمن پریت کور کو آوٹ قرار دیا تو ان سے برداشت نہ ہوا اور غصے میں اسٹمپ پر اپنا بیٹ دے مارا۔

انہوں نے امپائر پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ امپائرنگ غیر معیاری تھی۔’

یہی نہیں بلکہ انہیں میچ کے بعد پریزنٹیشن تقریب کے موقع پر بنگلا دیشی کپتان نگار سلطانہ سے امپائروں کو اسٹیج پر مدعو کرنے کا کہتے ہوئے سنا گیا، اس کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑی مشترکہ فوٹو سیشن چھوڑنے پر مجبور ہوگئیں۔

ہرمن پریت کور بھارت میں خواتین کے کھیل میں سب سے بڑے ستاروں میں سے ایک ہیں۔

34 سالہ ہرمن پریت کور کو جارحانہ کھلاڑی اور خاتون کپتان کے ساتھ ساتھ قابل اعتماد بلے باز کے طور پر دیکھا جاتا ہے، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں ممبئی انڈینز کو فتح دلائی تھی۔

خواتین کی سابق کپتان ڈیانا ایڈولجی نے ’انڈین ایکسپریس‘ میں لکھے اپنے کالم میں کہا کہ ’میں کافی عرصے سے کرکٹ دیکھ رہی ہوں لیکن میں نے کبھی کسی کھلاڑی کو اس طرح کے رویے کا اظہار کرتے ہوئے نہیں دیکھا جیسا کہ بھارتی کپتان نے کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کپتان نے اپنے ساتھیوں کے لیے بُری مثال قائم کی، جونیئر کھلاڑی سینئرز کو دیکھتے ہیں اور یہ رویہ وقت کے ساتھ ٹیم کلچر کو متاثر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ دیکھنا افسوسناک تھا کہ ہرمن پریت کور نے امپائروں کو بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے بلانے کا کہا، ان کی بات کا مقصد یہ تھا کہ وہ بنگلہ دیشی ٹیم کا حصہ ہیں اور ان کی طرف سے کھیل رہے تھے۔

ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا حصہ رہنے والے کھلاڑی مدن لال نے بھی خاتون کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف ہرمن پریت کور کا رویہ افسوسناک تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ کھیل سے بڑی نہیں ہیں، انہوں نے بھارتی کرکٹ کو بدنام کیا، بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کو ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024