• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

حکومتِ بلوچستان نے وڈھ میں نئے آپریشن کے دعووں کی تردید کردی

شائع September 25, 2023
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی متنبہ کیا کہ تنازع کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے بغیر وڈھ میں حالات مزید خراب ہوں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی متنبہ کیا کہ تنازع کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے بغیر وڈھ میں حالات مزید خراب ہوں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت بلوچستان نے وڈھ میں کسی بھی نئے آپریشن کے دعووں کی تردید کی ہے، جہاں مینگل قبیلے کے 2 دھڑوں کے درمیان ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری جھڑپوں نے نظام زندگی درہم برہم کر رکھا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ تردید بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل (بی این پی-مینگل) کے رہنما آغا حسن بلوچ کے ان دعوؤں کے جواب میں سامنے آئی، جن کا کہنا تھا کہ وڈھ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں حکومتی ترجمان نے کہا کہ بی این پی (مینگل) کے رہنما سردار اختر مینگل کے ساتھ اس معاملے پر متعدد مواقع پر مشاورت اور بریفنگ دی جا چکی ہے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اختر مینگل نے اپنی پارٹی کے 2 نمائندوں کو امن مذاکرات میں حصہ لینے کی تجویز دی تھی لیکن وہ اپنی پارٹی رہنما کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے۔

حکومت نے اختر مینگل پر زور دیا کہ وہ اس انحراف کے پیچھے وجوہات کی تحقیقات کریں اور دعویٰ کیا کہ شاید وہ اپنی پارٹی پر کنٹرول کھو چکے ہیں۔

2 روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران آغا حسن بلوچ نے وڈھ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی کی منصفانہ کارکردگی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ رازداری میں کیے گئے فیصلے ممکنہ طور پر بلوچستان کو دہشت گردی میں اضافے کی طرف لے جائیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بی این پی-مینگل کو سیاست سے سائیڈ لائن کرنے کے لیے جان بوجھ کر چلی گئی ایک چال ہے۔

گورنر بلوچستان کا عملی اقدامات کا مطالبہ

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی متنبہ کیا کہ تنازع کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے بغیر وڈھ میں حالات مزید خراب ہوں گے۔

انہوں نے گزشتہ روز اختر مینگل سے ملاقات کے بعد کہا کہ وڈھ میں حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور خواتین اور بچے افسردہ ہیں۔

اختر بلوچ نے بھی اسی طرح کے خدشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران کسی قرارداد کی جانب پیش رفت کے بجائے صورت حال ابتر ہوئی ہے اور مقامی لوگوں کی معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024