• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

سعودی ولی عہد، ایرانی صدر کا اسرائیل۔حماس تنازع پر تبادلہ خیال

شائع October 12, 2023
دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات 2016 میں منقطع ہوئے تھے، جو رواں برس مارچ میں بحال ہوئے— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات 2016 میں منقطع ہوئے تھے، جو رواں برس مارچ میں بحال ہوئے— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، چین کی ثالثی کے نتیجے میں ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بار فون پر بات چیت کی گئی ہے۔

یہ بات چیت ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر شدید بمباری جاری ہے، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی پٹی سے 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ تنازع کے نتیجے میں غزہ میں 1200 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کی ’مکمل‘ ناکہ بندی کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیا، ایندھن سمیت اہم ضروریات کی چیزوں کی فراہمی کا راستہ روک دیا اور پانی کی سپلائی بھی منقطع کردی، اور غزہ کا مرکزی پاور پلانٹ اسرائیل کی بمباری اور محاصرے کے دوران ایندھن کے خاتمے پر بند کردیا گیا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی فون کال موصول کی، جس کے دوران انہوں نے غزہ اور ملحقہ علاقوں میں موجودہ فوجی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایس پی اے نے بتایا کہ محمد بن سلمان نے ابراہیم رئیسی کو بتایا کہ ریاض نے علاقائی اور عالمی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکا جائے، انہوں نے زور دیا کہ سلطنت کا فلسطینی کاز کے حوالے سے مضبوط مؤقف ہے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ نے بھی فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ’فلسطین کے خلاف جنگی جرائم کے خاتمے کی ضرورت‘ پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی بدھ کو فون پر بات کی تھی، جس میں 38 سالہ سعودی رہنما نے بتایا کہ ہم آہنگی حاصل کرنے کے لیے علاقائی اور عالمی روابط کے ذریعے مسلسل کوششیں کی ہیں تاکہ موجودہ کشیدگی کو روکنے پر زور دیا جائے۔

خیال رہے کہ مارچ کے اوائل میں ایران اور سعودی عرب نے تعلقات بحال کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا، چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب، ایران اور چین کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق تہران اور ریاض نے اتفاق کرلیا ہے کہ آپس میں سفارتی تعلقات اور اپنے سفارت خانے اور مشنز دو مہینوں سے پہلے بحال کردیں گے۔

ایرانی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری اور سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان کئی دنوں کے وسیع مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے تعلقات کی بحالی کا معاہدہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024