• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

ایشیائی ترقیاتی بینک نے بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

شائع November 18, 2023
—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ اس نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی ہے تاکہ بجلی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ملک کو مستحکم نیشنل گرڈ، توانائی کا تحفظ، ماحولیاتی پائیداری کے حصول میں مدد کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے وافر، قابل اعتماد، صاف اور کم لاگت والی توانائی کی ترسیل کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو وسعت دے کر 500 کلو وولٹ (کے وی) اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کے لوپ کو بند کرکے اور پرانی ٹرانسمیشن لائنوں کی تبدیلی کے ذریعے لاہور میں ٹرانسمیشن کے نقصانات کم کرکے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کے بہتر انتظام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس پروجیکٹ کا مقصد ادارہ جاتی، مالیاتی انتظام، آب و ہوا کے لیے لچکدار نظام کی منصوبہ بندی اور آپریشن اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کی پروجیکٹ مینجمنٹ کی صلاحیت کو بڑھا کر سرکاری اداروں کی ترجیحی حکومتی اصلاحات میں معاونت کرنا ہے۔

اس کے ذریعے این ٹی ڈی سی کے کارپوریٹ اور پروجیکٹ کی سطح پر خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے، مقامی کمیونٹیز میں بالخصوص خواتین کے لیے آمدنی کے مواقع اور مہارتوں کو بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، موافقت اور تخفیف کے اقدامات کے بارے میں صلاحیت بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے بجلی کی قابل اعتماد فراہمی ضروری ہے اور یہ دیہی آبادی کو اقتصادی مواقع بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے توانائی کے تحفظ کے حصول کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر خوش ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جاری تعاون کی تکمیل کرے گا جس کا مقصد توانائی کا تحفظ، موسمیاتی پائیداری کو یقینی بنانا اور قابل بھروسہ، صاف اور سستی توانائی کی ترسیل کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے، ایک اور اہم مقصد پاکستان کے قومی ترسیلی نظام کے انتظام کو بہتر بنانا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینیئر انرجی اسپیشلسٹ تکمینہ مخمیدوفا نے کہا کہ صنفی مساوات اور توانائی کے شعبے میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک رہنما اصول وضع کرے گا، آگاہی مہم چلائے گا، بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز قائم کرے گا اور این ٹی ڈی سی میں خواتین عملے کو تکنیکی تربیت فراہم کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024