• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

روہت شرما ممبئی انڈینز کی قیادت سے برطرف، کیا بھارتی ٹیم بھی کپتان بدلنے والی ہے؟

شائع December 16, 2023
روہت شرما کی قیادت میں ممبئی انڈینز نے 11 سیزنز میں پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
روہت شرما کی قیادت میں ممبئی انڈینز نے 11 سیزنز میں پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز ممبئی انڈینز نے ٹیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ایک دہائی تک ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما کی جگہ ہاردک پانڈیا کو کپتان مقرر کردیا ہے۔

روہت شرما انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان تصور کیے جاتے ہیں جن کی قیادت میں ٹیم نے 11 سیزنز میں پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، ان کے علاوہ صرف مہندرا سنگھ دھونی پانچ مرتبہ بحیثیت کپتان ٹرافی جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ممبئی انڈینز نے 2012 تک ہونے والے پانچ سیزن میں ایک مرتبہ بھی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا اور اس دوران سچن ٹنڈولکر کے بعد ہربھجن سنگھ اور ہربھجن کے بعد رکی پونٹنگ کو قیادت سونپنے کے باوجود بھی ٹیم ٹائٹل نہ جیت سکی۔

لیکن 2013 میں رکی پونٹنگ کی جگہ روہت شرما کو کپتان بنانے کے ساتھ ہی فرنچائز کی قسمت چمک اٹھی۔

روہت شرما کی زیر قیادت لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز نے 2013 میں ہی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

روہت کی قیادت میں ممبئی کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا اور ٹیم نے 2015، 2017 اور پھر 2019 اور 2020 میں لگاتار دو مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

تاہم پانچ مرتبہ چیمپیئن بننے کے بعد 2021 اور 2022 میں ٹیم کی کارکردگی واضح طور پر گراوٹ کا شکار ہوئی اور وہ دونوں سیزنز کے پلے آف کے لیے بھی کوالیفائی نہ کر سکی جبکہ 2023 میں لیگ کے دوسرے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں ٹیم کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

دوسری جانب ہاردک پانڈیا کا ستارہ ان دنوں عروج پر ہے جنہیں 2015 میں پہلی مرتبہ ممبئی انڈینز نے ہی منتخب کر کے آئی پی ایل ڈیبیو کرایا تھا لیکن وہ کئی سیزنز ممبئی کے ساتھ گزارنے کے بعد 2022 میں گجرات ٹائٹنز کا حصہ بن گئے تھے۔

پانڈیا کے کپتان بنتے ہی گجرات کی کایا پلٹ گئی اور انہوں نے 2022 میں پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ اگلے سیزن میں بھی فرنچائز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے رنر اپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

گجرات کی یکے بعد دیگرے کامیابیوں اور ممبئی انڈینز کی تین سیزنز میں ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے ممبئی انڈینز نے ایک مرتبہ پھر ہاردک پانڈیا کی خدمات واپس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور آکشن سے پہلے ٹریڈ میں پانڈیا کو دوبارہ اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

ذرائع کے مطابق پانڈیا نے فرنچائز میں واپسی کے لیے شرط عائد کی تھی کہ وہ اسی صورت میں واپس آئیں گے اگر انہیں فرنچائز کی قیادت سونپی جائے۔

ابھی یہی مانا جا رہا ہے کہ سابق کپتان روہت شرما ممبئی انڈینز کے لیے ہی نئے کپتان پانڈیا کی زیر قیادت کھیلیں گے۔

اب دیکھنا یہ ہو گا کہ ممبئی انڈیز کی قیادت میں تبدیلی کے ساتھ ہی کیا بھارتی ٹی20 کی قیادت بھی تبدیل ہونے جا رہی ہے۔

ابھی روہت شرما ہی تینوں فارمیٹ میں بھارت کے کپتان ہیں لیکن ڈھلتی عمر کے سبب وہ زیادہ عرصے شاید بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیل سکیں اور ایسے میں عین ممکن ہے کہ بھارت ٹیم کی قیادت کے لیے بھی کسی نئے چہرے کا انتخاب کیا جائے۔

نئے چہروں میں بھی سب سے مضبوط امیدوار ہاردک پانڈیا ہیں لیکن انہیں سوریا کمار یادیو کی شدید مسابقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ اس وقت پانڈیا انجری کا شکار ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں سوریا کمار ہی بھارتی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024