• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

آئرش حکومت کے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں، وزیر اعظم

شائع May 24, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف اور جمہوریہ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا — فائل فوٹو
وزیر اعظم شہباز شریف اور جمہوریہ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا — فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور جمہوریہ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیر اعظم نے آئرلینڈ کے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شہباز شریف نے آئرلینڈ کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ ان معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا جو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں اور فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئر لینڈ کا یہ فیصلہ دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کے لیے دباؤ کا باعث بنے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور آئی سی جے کے اسرائیل کو غزہ اور رفح پر حملے بند کرنے کا حکم دینے کے فیصلے کو سراہا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی کیونکہ وہ بھی گزشتہ سات دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کو برداشت کر رہے ہیں۔

آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا، آئرلینڈ کی حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ حالات کو معمول پر لانے کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان میں اپنا ریزیڈینٹ مشن کھولنے کے آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نیا مشن ڈبلن میں پاکستان کے مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے وزیر اعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024