• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

فلسطینی حمایت میں بچوں نے اشتہار مسترد کیا، ہم نے اس میں کام کیا، جویریہ سعود کا اعتراف

شائع June 6, 2024 اپ ڈیٹ June 7, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ جویریہ سعود نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے بچوں نے فلسطینی حمایت میں امریکا کی ملٹی نیشنل ڈرنک کمپنی کے اشتہار میں کام کرنے سے منع کردیا تھا لیکن انہوں نے اور ان کے شوہر نے اس میں کام کیا۔

جویریہ اپنے شوہر سعود قاسمی کے ہمراہ حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے دیگر معاملات سمیت بچوں کی جانب سے اشتہار میں کام کرنے سے انکار والے معاملے پر بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کو بچوں سمیت ڈرنک کمپنی کے اشتہار میں پیش کش ہوئی تھی اور انہیں اشتہار کے لیے ترکیہ جانا تھا لیکن ان کے بچوں نے اسرائیل جنگ کی وجہ سے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچوں کے انکار کے بعد انہوں نے کمپنی کو فون کیا کہ ان کے بچے نہیں مان رہے، جس پر کمپنی نے انہیں کہا کہ وہ کسی اور کے بچے لے لیں گے، وہ آجائیں۔

ان کے مطابق بچوں کے انکار کے بعد وہ اور ان کے شوہر اشتہار کے لیے ترکیہ چلے گئے، جہاں ان کے بچے بار بار انہیں میسیج کرکے یہ احساس دلانے کی کوشش کرتے رہے کہ انہیں پیسوں کی خاطر ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

جویریہ سعود نے تسلیم کیا کہ ان کی جانب سے اشتہار میں شوہر کے ہمراہ کام کرنے کی حامی بھرنے پر بھی ان کی بیٹی نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور کہا کہ جو ان کے بس میں ہیں، وہ تو کریں۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی اور بیٹا انہیں اور ان کے شوہر کو اشتہار میں کام نہ کرنے کا کہتے رہے لیکن وہ شوٹنگ پر ترکیہ چلے گئے، جہاں بار بار بچے انہیں میسیجز بھیج کر احساس دلاتے رہے کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

جویریہ اور ان کے شوہر کی جانب سے ہنستے ہوئے مشروب کمپنی کے اشتہار میں کام کرنے کی بات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں شرم دلانے کی کوشش کی۔

زیادہ تر صارفین نے انہیں لالچی اور بے شرم قرار دیا اور لکھا کہ پیسے کی خاطر ان لوگوں نے فلسطینوں کو ہی بھلا دیا اور اوپر سے فخر کے ساتھ ہنس ہنس کر ٹی وی پر بتا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بچوں کو ان سے بہتر قرار دیا اور لکھا کہ وہ اپنے بچوں سے ہی کچھ سیکھ لیتے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں جویریہ سعود نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کے بچوں کو مشروب کمپنی کے اشتہار کی پیش کش ہوئی تھی لیکن ان کے بچوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں اشتہار میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

اب انہوں نے وضاحت کی ہے کہ اگرچہ ان کے بچوں نے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا تھا لیکن انہوں نے اور ان کے شوہر نے اشتہار میں کام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024