• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

ٹی20 ورلڈ کپ: امریکا کو شکست دے کر بھارت کی سپر ایٹ مرحلے میں رسائی

شائع June 12, 2024
ارشدیپ سنگھ نے 9 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
ارشدیپ سنگھ نے 9 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ٹی20 ورلڈ کپ میں میزبان امریکا کو شکست دے کر لگاتار تیسری فتح حاصل کر کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیویارک میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

ارشدیپ سنگھ نے میچ کی پہلی گیند پر ٹیم کو وکٹ دلانے کے بعد اسی اوور کی آخری گیند پر بھی کامیابی حاصل کر کے امریکا کو یکے بعد دیگرے دو نقصان پہنچائے۔

اس مرحلے پر شایان جہانگیر کا ساتھ دینے آرون جونز آئے لیکن وکٹیں گرنے کی وجہ سے رن بنانے کی رفتار میں کمی آ گئی اور امریکی ٹیم 7 اوورز میں 25 رنز ہی بنا سکی۔

آٹھویں اوور میں 25 کے مجموعے اوور میں ہردک پانڈیا نے بھارت کو تیسری کامیابی دلاتے ہوئے امریکی کپتان آرون جونز کو چلتا کردیا جو 22 گیندوں پر 11 رنز ہی بنا سکے۔

اسٹیون ٹیلر اور نتیش کمار نے مل کر اسکور کو 56 تک پہنچایا لیکن اکشر پٹیل نے ٹیلر کی 24 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نتیش کمار نے 23 گیندوں پر 27 رنز کی باری کھیلی لیکن ارشدیپ نے اپنی ٹیم کو ایک اور مرتبہ وکٹ دلاتے ہوئے ان کو چلتا کردیا اور پھر ہرمیت سنگھ کا بھی کام تمام کردیا۔

کوری اینڈرسن نے ایک چھکا اور چوکا لگا کر خطرناک عزائم دکھانے کی کوشش کی لیکن پانڈیا نے ان کی 15 رنز کی باری کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

امریکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔

سوریا کمار یادیو نے میچ میں نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
سوریا کمار یادیو نے میچ میں نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے چار جبکہ ہردک پانڈیا نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن تھا اور ویرات کوہلی گولڈن ڈک کا شکار ہو کر سوربھ نیٹرولکر کی وکٹ بن گئے۔ روہرت شرما بھی زیادہ دیر نہ رک سکے اور صرف 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو بھارتی ٹیم 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ریشابھ پنت اور سوریا کمار یادیو نے 29 رنز کی شراکت قائم کی لیکن علی خان کی خوبصورت ان سوئنگ گیند پر 18 رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز اپنی وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے۔

44 رنز پر تیسری وکٹ گری تو بھارت کی ٹیم مشکلات میں گھری نظر آتی تھی لیکن اس مرحلے پر سوریا کمار اور شیوم دوبے نے ذمے دارانہ بیٹنگ کر کے امریکا کے ورلڈ کپ میں ایک اور فتح کے خواب کو چکنا چور کردیا۔

سوریا کمار نے بہترین کھیل پیش کیا اور نوجوان شیوم دوبے نے بھی ان کا بھرپور ساتھ نبھا کر ناقابل شکست 67 رنز کی شراکت بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو 7وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

بھارت نے 10 گیندوں پر قبل ہدف حاصل کیا تو سوریا کمار 2 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 50 جبکہ شیوم دوبے 31 رنز بنا چکے تھے۔

ارشدیپ سنگھ کو میچ میں 9 رنز کے عوض چار وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 1 جولائی 2024
کارٹون : 30 جون 2024