• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

سوناکشی سنہا کی شادی کی تقریبات شروع، کیا اداکارہ مسلمان ہوں گی؟

شائع June 22, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کی شادی کی تقریبات کا آغاز 22 جون کی دوپہر کے بعد ہوا۔

نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی اور مہندی کی تقریبات سے ہوا۔

رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریبات میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور ان کے دوست شریک ہوئے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ان کی ڈھولکی اور مہندی کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی شادی کی تصاویر دونوں کے قریبی دوستوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیں، جہاں سے شوبز سوشل میڈیا پیجز پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

دونوں کی مہندی کی تقریب کی وائرل ہونے والی ایک تصویر میں سوناکشی سنہا اور ان کے اہل خانہ سمیت ظہیر اقبال کے اہل خانہ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ سوناکشی سنہا مسلمان اداکار سے شادی کرنے کے لیے مذہب اسلام قبول کر سکتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذہب اسلام کی تعلیمات کے تحت مسلمان مرد سے شادی کے لیے غیر مسلم خاتون کا اسلام قبول کرنا لازمی ہوتا ہے جب کہ مسلم عورت سے شادی کرنے والے غیر مسلم مرد کو بھی مذہب اسلام میں داخل ہونا پڑتا ہے۔

اسی وجہ سے چہ مگوئیاں ہیں کہ سوناکشی سنہا بھی روایتی طور پر مذہب اسلام میں داخل ہوسکتی ہیں۔

تاہم دوسری جانب بھارتی میڈیا نے اداکار ظہیر اقبال کے والد کے حوالے سے بیان میں بتایا کہ اداکارہ مسلمان نہیں ہوں گی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ظہیر اقبال کے والد نے شوبز ویب سائٹ کو بتایا کہ سوناکشی سنہا اسلام قبول نہیں کریں گی، دونوں کی شادی اسلامی یا ہندو مذہبی روایات کے مطابق نہیں ہوگی۔

ظہیر اقبال کے والد کا کہنا تھا کہ دونوں اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت شادی کریں گے اور دونوں کی شادی قانونی ہوگی، اس میں کسی بھی مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ دو دلوں کا میلاپ ہے۔

بھارت میں دو مختلف مذاہب سےتعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے اسپیشل میریج ایکٹ موجود ہے، جس کے تحت سیف علی خان، کرینہ کپور سمیت دیگر مسلمان اور ہندو اداکاروں کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔

ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا اور ممکنہ طور پر دونوں کل اپنی شادی رجسٹرڈ کروائیں گے، اس کے بعد دونوں کی جانب سے شادی کی تقریبات کا انعقاد کیے جانے کا امکان ہے۔

اگرچہ بھارتی میڈیا میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی خبریں وائرل ہیں، تاہم دونوں نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024