• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

محسن نقوی سے ملاقات کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کل لاہور پہنچیں گے

شائع July 7, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے لیے کل لاہور پہنچیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود برطانیہ سے لاہور آئیں گے، دونوں کوچز ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات سے چئیرمین کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کوچز ٹی20 ورلڈکپ کے بعد امریکا سے ٹیم کے ہمراہ واپس پاکستان نہیں آئے تھے، چیئرمین پی سی بی نے متعدد سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی کرکٹ کے معاملات کے لیے لاہور بلا رکھا ہے۔

یاد رہے کہ 3 جولائی کو قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی تھی۔

گیری کرسٹن نے رپورٹ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالات اٹھاتے ہوئے کئی کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب بھی قرار دیا تھا۔

سینیئر مینیجر وہاب ریاض پہلے ہی اپنی رپورٹ جمع کراچکے ہیں، بورڈ حکام کی جانب سے رپورٹس کی روشنی میں اگلا لائحہ عمل طے کیا جائےگا۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو ناتجربہ کار امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کے خلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بھی قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تھی۔

مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم امریکا کی شکست پر انحصار کرنے لگی لیکن آئرلینڈ اور امریکا کے میچ کے دوران بارش نے پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ان کا ورلڈکپ کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔

سپرایٹ مرحلے میں نہ پہنچنے کے بعد یہ بحث چل پڑی تھی کہ آیا پاکستان ورلڈکپ 2026 میں براہ راست پہنچے گا، یا پھر اس کے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا؟ تاہم پاکستان نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024