• KHI: Fajr 5:02am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:47am
  • ISB: Fajr 4:27am Sunrise 5:51am
  • KHI: Fajr 5:02am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:47am
  • ISB: Fajr 4:27am Sunrise 5:51am

9 مئی: 3 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

شائع July 18, 2024
سابق وزیراعظم — فائل فوٹو: اے پی
سابق وزیراعظم — فائل فوٹو: اے پی

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 9 مئی کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کرنے کے خلاف درخواست 22 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی، عمران خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانتوں پر آفس اعتراض ختم کردیا۔

ان کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ اپیلوں میں عمران خان کے انگوٹھے کے نشانات نہیں ہیں اور ایک مقدمے کی درخواست میں ایف آئی آر کی کاپی لف نہیں کی گئی۔

بعد ازاں عدالت نے اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی کے لیے مقرر کردی۔

یاد رہے کہ عمران خان نے انسداد دہشتگردی عدالت کے ضمانت خارج کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ چیلنج کیا ہے۔

9 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی9 مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کر دی تھی۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024