• KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm
  • KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • ISB: Maghrib 6:14pm Isha 7:38pm

پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے مایوس ہوچکی ہے، سینیٹر تاج حیدر

شائع July 19, 2024
انہوں نے کہا کہ فیصلے اس طرح بھاگ دوڑ میں نہیں ہوتے — فائل فوٹو
انہوں نے کہا کہ فیصلے اس طرح بھاگ دوڑ میں نہیں ہوتے — فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے مایوس ہوچکی ہے جبکہ حکومت کو پی ٹی آئی پر پابندی کا مشورہ دینے والے ان کے دوست نہیں ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’دوسرا رخ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ ’حکومت کو پی ٹی آئی پر پابندی کا مشورہ دینے والے ان کے دوست نہیں ہیں، پیپلزپارٹی وفاقی حکومت سے مایوس ہوچکی ہے، وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر مشاورت نہیں کی، وفاقی حکومت مشاورت کرتی نہیں اور دعویٰ کر دیتی ہے کہ ہم آن بورڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے اس طرح بھاگ دوڑ میں نہیں ہوتے، اس طرح تو غیر سنجیدہ بات ہوجاتی ہے، وفاقی حکومت پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لینے کی بات کرکے غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق (ن) لیگ نے کوئی بات نہیں کی، (ن) لیگ نے باضابطہ مشورہ مانگا تو دیا جائے گا، ہم نے تو وفاقی حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا وہ کیوں ہمیں پریشان کر رہے ہیں۔

تاج حیدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا طریقہ درست نہیں ہے، یہ کیا طریقہ ہے کہ بس ہم نے پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو شواہد آپ کے پاس ہیں جو سب کو معلوم ہیں وہ سامنے لائیں، پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ رہا ہے وہ سامنے لانے کے بجائے آخر سے شروع کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس ایوان صدر میں ہوا تھا، جس میں رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ جمہوری رویہ نہیں، تحریک انصاف اگر خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو رویہ بھی سیاسی جماعت جیسا اپنانا ہوگا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جو وفاقی حکومت کی اتحادی بھی ہے اور حکومت کے ہر آئینی اور قانونی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 15 ستمبر 2024
کارٹون : 13 ستمبر 2024