• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

لوئر دیر میں چیک پوسٹ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی

شائع August 15, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ضلع لوئر دیر کے علاقے معیار دسٹرکٹ میں چیک پوسٹ پر نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے دستی بم حملے میں ایک ہیڈ کانسٹیبل شہید اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں اس طرح کے حملوں میں سیکیورٹی چیک پوسٹس، پولیس اسٹیشن، مقامی ہوٹل اور ریلوے کراسنگ برج کو نقصان پہنچا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے دعٰوی کیا ہے کہ عسکریت پسندوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انہوں نے بیشتر حملوں کو ناکام بنادیا ہے، جس میں شانگلہ کے سیاحتی مقام یختنگے میں چیک پوسٹ، خیبر ضلع کی تحصیل جمرود، جنوبی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ اور پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حملے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے گزشتہ چند ہفتوں میں دونوں صوبوں میں دستی بم حملوں میں اضافہ ہوا ہےجس میں زیادہ تر پولیس اسٹیشنز اور چیک پوسٹس کو نشانا بنایا گیا۔

لوئر دیر میں معیار کے علاقوں میں چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کی جانب سے دستی بم حملوں میں ہیڈ کانسٹیبل سیاست خان شہید اور کانسٹیبل حضرت نبی زخمی ہوگئے، پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے، جس کےبعد حملے میں زخمی پولیس اہلکار کو ہستپال منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکار معیار کا رہائشی تھا جنہیں نماز جنازہ کے بعد سوارہ غندھائی کے آبائی قبرستان میں سپردخاک کیاگیا، نماز جنازہ میں ڈی پی او سلیم عباس کلاچی، ایس پی انویسٹی گیشنز راشد خان،سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت علاقے بھر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ پولیس دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر علاقائی عمائدین نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیےمتحد ہونا چاہیے،انہوں نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث عناصر کو پکڑنے کے لیے 10 دنوں کی مہلت دی اور خبردار کیا کہ اگر اس واقعے کی مکمل تحقیقات نہ کی گئی تو وہ کوئی بڑا فیصلہ لیں گے۔

خیبر ضلع میں پولیس نے منگل کی رات کو جمرود تحصیل میں سخی پل کے علاقے میں پولیس پوسٹ اور مظاہرین کے کیمپ کے قریب تحصیل کمپاؤنڈ میں ہونے والے دو دستی بم حملوں کو ناکام بنانے کا دعٰوی بھی کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے شدید فائرنگ کرکے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا اور چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسی طرح کوکی خیل قبائل کی جانب سے قائم کیے گئے احتجاجی کیمپ کو بھی پولیس کی جانب سے جوابی حملے کی وجہ سے دہشت گردوں سے محفوظ رکھا گیا، پولیس کی فائرنگ نے رات کے اندھیرے میں حملہ آواروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

شانگلہ میں، پولیس نے سیاحتی مقام یختنگے کی چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا، شانگلہ ڈی پی او عمران خان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے منگل کی رات کو یختنگے پولیس چوکی پر حملہ کیا لیکن چیک پوائنٹ پر تعینات کیے گئے چند پولیس اہلکاروں کی جانب سے حملے کو ناکام بنادیا اور دہشتگروں کو علاقے سے فرار ہونے پر مجبور کردیا۔

جنوبی وزیرستان کی برمل تحصیل میں بدھ کے روز ایک چیک پوسٹ اور پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا،ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشتگروں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملے کو ناکام بنادیا،تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران ایک مارٹر گولا گھر پر گرا جس سے گھر کو معمولی نقصان پہنچا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025