• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

ٹرمپ سے عمران خان کی رہائی کے مطالبے کا کوئی خدشہ نہیں، خواجہ آصف

شائع November 7, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین و سا بق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے امریکی دباؤ کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص کے لیے کوئی پاکستان سے تعلقات خراب نہیں کرے گا، ٹرمپ سے عمران خان کی رہائی کے مطالبے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ امریکا سے کال آنے کی دیر ہے اور عمران خان کو کال کرنے والوں کے حوالے کر دیا جائے گا، پاکستان کال پہ انکار کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نہایت ادب کے ساتھ عرض ہے کہ نواز شریف کو کال کے ساتھ 5 ارب ڈالر کی پیشکش بھی تھی لیکن انہوں نے انکار کیا اور ایٹمی دھماکا بھی کیا، پھر مشرف کو کال آئی تو وہ لیٹ گیا، جو کچھ حکم ملا اس سے زیادہ پر راضی ہوا۔

وزیر دفاع نے کہاکہ 9/11 والی جنگ بند ہو چکی ہے، افغانستان میں امن ہے لیکن پاکستان آج بھی اس کے نتائج دہشت گردی کی شکل میں بھگت رہا ہے۔

ادھر، نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دو بہت بڑی باتیں کی ہوئی ہیں جن میں سے ایک داخلی معاملہ ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں سرحدیں بند اور امیگریشن ختم کروں گا، جو کہ ان کے مقامی ووٹرز کے لیے بہت اہم چیز ہے، دوسرا، انہوں نے کہا کہ میں جنگیں بند کراؤں گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر ٹرمپ ایسا کردیتے ہیں تو مقامی اور بین الاقوامی سطح دونوں پر شہرت میں اضافہ کریں گے، کیونکہ امریکا پہلے ہی یوکرین جنگ پر 170 سے 200 ملین ڈالر جھونک چکا ہے اور 100 ملین ڈالر اسرائیل میں جھونک چکا ہے جبکہ ان کے گھر میں بھوک ہے، بیروزگاری ہے، لوگ گھروں سے محروم ہیں، بے شمار مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی شہروں میں بھی لوگ سڑکوں پر سوتے ہیں اور ریسٹورنٹس کے ٹوائلٹ استعمال کرتے ہیں، ایسے میں آپ 200 ملین ڈالر ناختم ہونے والی اور غیر مقبول جنگوں پر جھونک دیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی فلسطین و لبنان اور یوکرین کی روس سے جنگ یورپ اور امریکا میں بھی غیر مقبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب انسان الیکشن لڑتا ہے تو بڑھکیں مارتا ہے لیکن جب الیکشن جیتنے کے بعد کاندھوں پر ذمے داری کا بوجھ پڑتا ہے تو انسان حکمت عملی اپناتا ہے اور اپنی بڑھکیں بھول جاتے ہیں ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جہاں تک عمران خان کی بات ہے، میرا نہیں خیال کہ ایک شخص کے لیے کوئی پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کرے گا، انہوں نے کہا کہ امریکا میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے جو پاکستانی اسٹیبلشمنٹ سے بہت زیادہ مضبوط ہے، وہاں بھی سیاستدان کٹھ پتلی ہیں اور ملٹری انڈسٹریل اور صہیونی لابی ڈکٹیٹ کرتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں بیٹھ کر ایک سیاستدان نے 2 سال قبل ایبسولوٹلی ناٹ اور امریکی غلامی نامنظور کہا اور پھر قلابازی کھا کر ان کی منتیں ترلے شروع کردیے، تو ایسے شخص پر کوئی بھروسہ نہیں کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ایسا کوئی خدشہ نہیں ہے کہ ٹرمپ مداخلت کریں گے اور کہیں گے کہ اس کو رہا کردو، انہوں نے کہاکہ رہائی کی باتیں تو وہاں قانون ساز پہلے سے ہی کررہے ہیں لیکن ٹرمپ کا کچھ انتظار کرلینا چاہیے کہ وہ اس حوالے سے کوئی موقف اپناتے ہیں یا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024