شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 4 خارجی دہشت گرد ہلاک

شائع November 10, 2024 اپ ڈیٹ November 11, 2024
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 2 کارروائیوں میں 4 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 2 خارجی زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسپن وام میں پہلی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی بھی اسپن وام میں پاک۔افغان بین الاقوامی سرحد کے قریب کی،دہشت گرد افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی طرف سے در اندازی کی کوشش کو موثر انداز میں ناکام بنایا۔

آپریشن کے دوران افغانستان سے سپن وام میں در اندازی کرنے والے 2 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خارجی دہشت گردوں کی افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک اور 6 کو زخمی کردیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کی تلاشی لی گئی، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل، ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ تقریبا 25 عسکریت پسندوں نے جمعہ کی رات تحصیل میر علی کے علاقے اسپنوم میں دراندازی کی کوشش کی۔

سیکیورٹی فورسز نے ان کی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے انہیں روکنے کی کوشش کی اس دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 عسکریت پسند ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ باقی عسکریت پسند افغانستان فرار ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024