• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:27pm

کوئٹہ خودکش دھماکے کے بعد معطل ٹرین سروس 5 روز بعد بحال

شائع November 15, 2024
—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے بعد معطل ٹرین سروس 5 روز بعد بحال ہوگئی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کی روانگی کے ساتھ کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس بحال ہوئی۔

ریلوے حکام نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کی 7 بوگیوں میں 250 سے زائد مسافر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرین سروس سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر 4 روز کے لیے بند کی گئی تھی، کراچی سے کوئٹہ کے لیے بولان میل کل روانہ ہوگی۔

محکمہ ریلویز نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد امن و امان کی صورت حال کے پیشِ نظر ٹرین سروس 4 روز کے لیے معطل کی تھی۔

پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) عامر علی بلوچ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ریلوے آپریشنز کو بحال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔

دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے، ریلوے حکام نے کہا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حمزہ شفقات نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے کے 17 زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔

بعدازاں ترجمان صوبائی محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد سول ہسپتال میں زیر علاج مزید 2 زخمی دم تو ڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی۔

کارٹون

کارٹون : 16 نومبر 2024
کارٹون : 15 نومبر 2024