• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن 17 وکٹیں گر گئیں، آسٹریلیا مشکلات سے دوچار

شائع November 22, 2024
اسٹیو اسمتھ کو جسپریت بمراہ نے پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا— فوٹو: اے ایف پی
اسٹیو اسمتھ کو جسپریت بمراہ نے پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پرتھ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کا پہلا دن باؤلرز کے نام رہا اور پہلے ہی دن دونوں ٹیموں کی مجموعی طور پر 17 وکٹیں گر گئیں۔

پرتھ میں باؤلرز کے لیے سازگار وکٹ پر بھارتی ٹیم کے قائم مقام کپتان جسپریت بمراہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

بھارتی ٹیم تیسرے ہی اوور میں یشسوی جیسوال کی وکٹ گنوا بیٹھی جس کے بعد دیودُت پڈیکل بھی صرف پانچ رنز بنا کر چلتے بنے۔

14 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد لوکیش راہُل کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 32 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر 5 رنز بنانے والے کوہلی کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ 47 کے مجموعی اسکور پر راہُل بھی پویلین لوٹ گئے۔

دھروو جوریل کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور 11 رنز بنانے کے بعد وہ بھی مچل مارش کا شکار بن گئے اور جب واشنگٹن سندر پویلین لوٹے تو بھارتی ٹیم 73 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس مرحلے پر ریشابھ پنٹ کا ساتھ دینے پہلا میچ کھیلنے والے نتیش کمار ریڈی آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے مشکل بیٹنگ وکٹ پر ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 48 قیمتی رنز کی شراکت بنا کر اسکور کو 123 تک پہنچا دیا لیکن آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے 37 رنز بنانے والے پنٹ کا شکار کر کے اپنی ٹیم کا ساتویں کامیابی دلا دی۔

نتیش نے اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں 41 رنز کی باری کھیلی جس کی بدولت بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 150 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وُڈ نے چار جبکہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

آسٹریلین ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی بھارت سے زیادہ مختلف نہ تھا اور 14 کے مجموعے پر نیتھن میک سوینی پویلین لوٹ گئے جبکہ عثمان خواجہ بھی 8 رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی دوسری وکٹ بن گئے۔

تاہم آسٹریلیا کو بڑا دھچکا اس وقت پہنچا جب بمراہ نے تجربہ کار اسٹیو اسمتھ کو پہلی ہی گیند پر چلتا کردیا اور میزبان ٹیم 19 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔

اسکور جیسے تیسرے 31 تک پہنچا ہی تھا کہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہرشت رانا نے ٹریوس ہیڈ کا کام تمام کردیا جبکہ 38 کے مجموعے پر مچل مارش آؤٹ ہوئے تو آدھی بھارتی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

52 گیندوں پر 2 رنز بنانے والے مارنس لبوشین مسلسل جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر محمد سراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

59 کے اسکور پر آسٹریلیا کو اس وقت ساتواں نقصان اٹھانا پڑا جب بمراہ نے ایک اور وار کرتے ہوئے پیٹ کمنز کو پنٹ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 83 رنز درکار ہیں۔

بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4، سراج نے دو اور نتیش رانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024