پی ٹی آئی کا یہی رویہ رہا تو مذاکرات نہیں ہوسکتے، یہ خود اس کے خلاف ہیں، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایسا رویہ رہا تو مذاکرات نہیں ہو سکتے، فریقین کا اولین فرض ہے کہ ایوان کو چلائیں، اگر وہ ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے تو مذاکرات بھی نہیں ہونے چاہئیں۔
قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں قومی اسمبلی کے 12 ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 24 جنوری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، قومی اسمبلی کا منگل، بدھ اور جمعرات کو ہونے والے اجلاس دن 2 بجے شروع ہو گا۔
قومی اسمبلی کے 12ویں اجلاس میں وقفہ سوالات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق قانون سازی کو زیر بحث لایا جائے گا۔
کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، ممبران قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، شیخ آفتاب احمد، محترمہ نزہت صادق، سید نوید قمر، شہلا رضا، سید حفیظ الدین اور خالد حسین مگسی نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں زرتاج گل، ملک عامر ڈوگر، نور عالم خان، گل اصغر خان بھی شریک تھے۔
اجلاس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سنجے نے حلف اٹھا لیا، ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے سنجے پروانی سے حلف لیا۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کا احتجاج اور واک آؤٹ
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران حزب اختلاف کے اراکین نے احتجاج کیا، حزب اختلاف کے اراکین ڈیسک بجانے کے ساتھ ’او او‘ کی آوازیں لگاتے رہے، پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آوٹ کر دیا۔
وقفہ سوالات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سے متعلق جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے فعال رہنے والی دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی اور ملک افغان تنازع کی وجہ سے اتنا متاثر نہیں ہوا جتنا پاکستان ہوا، پاکستان کو 90 ہزار سے زائد افراد کا جانی نقصان ہوا، 152 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان جبکہ 450 ارب کا بالواسطہ مالیاتی اثر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ عبوری افغان حکومت اسلامک اسٹیٹ اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف محتاط اقدامات کر رہا ہے، عبوری افغان حکومت کچھ تنظیموں کو آزادی سے کارروائیاں کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عبوری افغان حکومت بعض صورتوں میں ان تنظیموں کی پشت پناہی میں مصروف ہے، افغانستان کی صورتحال نے دہشت گردوں کے لیے سرحدوں سے ماورا ہوکر حملہ آور ہونے کے لیے مواقعوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے۔
’پی ٹی آئی کا ایسا رویہ رہا تو مذاکرات نہیں ہو سکتے‘
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے لیے امریکا سے رہ جانے والے فوجی ساز و سامان تک رسائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بائیکاٹ پر خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایسا رویہ رہا تو مذاکرات نہیں ہو سکتا، فریقین کا اولین فرض ہے کہ ایوان کو چلائیں، اگر وہ ایوان کی کاروائی نہیں چلنے دیں گے تو مذاکرات بھی نہیں ہونے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے پہلے مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے تھے اب یہ مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے وقفہ سوالات کے دوران بانی پی ٹی آئی کو پوڈری اور جیب کترا قرار دے دیا، ڈپٹی اسپیکر نے عبدالقادر پٹیل کے غیر پارلیمانی الفاظ کو حذف نہیں کیا۔
جے یو آئی (ف) کی رکن اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ اجلاس کے لیے وقفہ سوالات کو پرنٹ کرنے پر پونے 2 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں، اگر کوئی وقفہ سوالات میں حصہ نہیں لیتا تو نہ لے، میں ضرور لوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات میں سوالات کے بجائے تقاریر ہوتی ہیں، ہمارے سوالات اور جوابات میں بھی تقاریر ہوتی ہیں، وقفہ سوالات میں اراکین کو مختصر سوال کرنا چاہیے تاکہ وقت ضائع نہ ہو۔
پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ شہروں کا کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی طریقہ کار بنائیں، پوری دنیا سائنٹیفک طریقے استعمال کرتی ہے، راولپنڈی کا کچرا راولپنڈی میں ہی تلف کردینا چاہیے، راجا پرویز اشرف نے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔
خواجہ آصف نے راجا پرویز اشرف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کے کچرے کی سرنگیں دوبارہ سیل ہوتی ہے، میں یہ کہانی بتا رہا بلکہ یہ حقیقت ہے، کل صبح سرکاری ہسپتالوں کو چیک کرلیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وقفہ سوالات میں کہا کہ حکومت اس وقت ویسٹ مینجمنٹ پر کام کررہی ہے، کچرا پوری دنیا کا بہت بڑا مسئلہ ہے، میں سی ڈی اے کو خواجہ آصف کے تحفظات پہنچا دیتا ہوں، یہ عوامی مفاد کا مسئلہ ہے اس پر کمیٹی بنا دیں۔
لاس اینجلس کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد
بعد ازاں، امریکا کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے واقعے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی نے قراداد منظور کردی۔
قرارداد کے مطابق یہ ایوان متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، عالمی ادارے امداد کے لیے آگے آئیں اور لوگوں کی مدد کریں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران انسانی اسمگلنگ کے خلاف مناسب اقدامات نہ ہونے پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے توجہ دلاو نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، 2024 میں 3456 مقدمات رجسٹر ہوئے اور 1638 لوگ گرفتار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ بک کے 38 انسانی اسمگلر گرفتار ہوئے، دسمبر 2024 میں 42 واقعات ہوئے، ایف آئی اے افسران کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 15 ماسٹر مائنڈز لوگوں کو گرفتار کیا گیا، 6 کروڑ 88 لاکھ مالیت کے اثاثے منجمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونان کشتی حادثے پر 38 ایف آئی اے افسران کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا، جبکہ مقدمات ناقابل ضمانت کی کیٹگری میں ڈال دیے گئے اور اب صرف نوٹیفائیڈ ججز ان کیسز کو سنیں گے۔
بعد ازاں، قومی اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔