شادی کی سالگرہ پر تصاویر شیئر کرنے پر ثنا جاوید اور شعیب ملک کو تنقید کا سامنا
اداکارہ ثنا جاوید اور کرکٹر شعیب ملک کی جانب سے شادی کی سالگرہ پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
دونوں شخصیات نے گزشتہ برس 20 جنوری کو شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔
اب دونوں نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ گزارے گئے رومانوی لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جس پر لوگوں نے تبصرہ کرتے ہوئے دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں کو رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ کرکٹر نے بھی اہلیہ کے ساتھ گزرے لمحات کی تصاویر کو ویڈیو کی صورت میں شیئر کیا۔
دونوں کی تصاویر اور ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے دونوں پر تنقید کی اور زیادہ تر افراد نے اداکارہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کمنٹس کیے کہ کرکٹر انہیں بھی چھوڑ جائیں گے۔
کچھ افراد نے مزاحیہ انداز میں تبصرے کیے کہ زندگی تو شعیب ملک گزار رہے ہیں، ہم لوگ تو بس ایسے ہی جی رہے ہیں۔
بعض صارفین نے تنقیدی انداز میں لکھا کہ کوئی بات نہیں، ابھی پہلی سالگرہ ہے، ابھی سفر باقی ہے۔
زیادہ تر افراد نے کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا اور یہ بھی لکھا کہ ان کے لیے ان کی سابق اہلیہ ثانیہ مرزا بہترین انتخاب تھیں۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، وہیں بعض افراد ان کی حمایت میں بھی سامنے آگئے اور انہوں نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیا کہ دونوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، دونوں نے حلال رشتہ قائم کیا ہے، وہ نفرت کے مستحق نہیں۔
جوڑے کی حمایت کرنے والے صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید پر توجہ نہ دینے کا مشورہ بھی دیا۔
خیال رہے کہ یہ دونوں شخصیات کی دوسری شادی ہے، شعیب ملک کی پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے ہوئی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔
اسی طرح اداکارہ ثنا جاوید کی پہلی شادی اداکار و موسیقار عمیر جسوال سے ہوئی تھی۔