الاسکا میں حادثے کا شکار طیارے کا ملبہ مل گیا، 10 افراد ہلاک
الاسکا میں امریکی کوسٹ گارڈ کو منجمد سمندری برف پر جمعرات کو حادثے کا شکار ہونے طیارے کا ملبہ مل گیا، جہاز میں سوار 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کوسٹ گارڈ کے ترجمان مائیک سالرنو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈ کے 2 ریسکیو تیراکوں نے ملبے کے اندر 3 لاشیں دیکھی ہیں اور دیگر 7 کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بھی ملبے کے اندر ہی موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسا نہیں لگتا کہ حادثے میں کوئی زندہ بچا ہے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے الاسکا آفس کے سربراہ کلنٹ جانسن نے اسی پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سخت سردی کی وجہ سے تلاش کی کوششوں میں خلل پڑا اور دور دراز مقام سے لاشوں کو نکالنے میں گھنٹوں یا دن لگ سکتے ہیں، کوسٹ گارڈ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ ملبہ نوم سے 34 میل (55 کلومیٹر) جنوب مشرق میں پایا گیا۔
الاسکا اسٹیٹ ٹروپرز کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام کے مطابق سیسنا 208 بی گرینڈ کاروان طیارہ جمعرات کی شام 4 بجے کے قریب مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب انالیکٹ سے لاپتہ ہوا۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ نارٹن ساؤنڈ کے برفیلے پانیوں میں تقریباً 19 کلومیٹر دور لاپتہ ہوا، جو بحیرہ بیرنگ کا حصہ ہے۔
الاسکا میں کوسٹ گارڈ کے ایک افسر بینجمن میک انٹائر کوبل نے کہا ہے کہ ریڈار کے اعداد و شمار کے مطابق طیارے کی اونچائی اور رفتار میں تیزی سے کمی واقع ہوئی، تاہم انہوں نے اس کی وجہ کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں طیارہ اچانک گرا وہاں موسم خراب تھا، یہ طیارہ بیرنگ ایئر کے ذریعے چلایا جارہا تھا اور اسے انالاکلیٹ سے نوم تک 150 میل کا سفر طے کرنا تھا، جو نورٹن ساؤنڈ سے گزرنے والی باقاعدگی سے شیڈول مسافر پرواز تھی۔