• KHI: Maghrib 6:51pm Isha 8:09pm
  • LHR: Maghrib 6:27pm Isha 7:50pm
  • ISB: Maghrib 6:34pm Isha 7:59pm
  • KHI: Maghrib 6:51pm Isha 8:09pm
  • LHR: Maghrib 6:27pm Isha 7:50pm
  • ISB: Maghrib 6:34pm Isha 7:59pm

ایلون مسک امریکی حکومت میں اربوں روپے کے فراڈ کا سراغ لگائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

شائع February 10, 2025
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایلون مسک، جو امریکی حکومت کی ملازمتوں کو ختم کرنے کے منصوبے کی صدارت کر رہے ہیں، وفاقی ایجنسیوں میں اربوں ڈالر کے فراڈ کا سراغ لگانے میں مدد کریں گے۔

ڈان اخبار میں شائع ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سپر باؤل فٹ بال چیمپیئن شپ سے قبل ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ’میں کچرا تلاش کروں۔‘

انہوں نے اخراجات میں کمی پر ایلون مسک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کے امیر ترین شخص اور صدر کی جانب سے اخراجات میں کمی کی کوششوں کی سربراہی کرنے والے مسک نے غیر ضروری اخراجات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں بہت مدد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سیکڑوں ارب ڈالرز کی جعل سازی اور غلط استعمال کا سراغ لگانے جا رہے ہیں۔

فوکس نیوز کی جانب سے جاری کی گئی انٹرویو ہائی لائٹس میں ڈونلڈ ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ ’آپ جانتے ہیں کہ عوام نے مجھے اسی کام کے لیے منتخب کیا ہے۔‘

امریکی صدر نے اپنے تین ہفتوں کے دوران وفاقی اخراجات میں کمی لانے کے لیے کئی ایگزیکٹیو آرڈرز جاری کیے ہیں۔

انہوں نے اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کو اخراجات میں کمی کے نام نہاد ادارے ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی‘ (ڈی او جی ای) کے تحت وفاقی اخراجات میں کمی کی کوششوں کی قیادت پر مقرر کیا ہے۔

اگرچہ انتظامیہ نے کئی ایسے حکومتی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے جن کے حوالے سے ٹرمپ کا خیال ہے کہ انہیں ختم یا کم کردینا چاہیے، تاہم ان کے حوالے سے جعل سازی یا دھوکا دہی کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔

ایلون مسک، جو ٹرمپ کے بڑے حامی اور عطیہ کنندہ ہیں، نے غیر معمولی اقدامات کے تحت امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کو بند کردیا ہے اور ہزاروں ملازمین کو فارغ کر چکے ہیں۔ ڈی او جی ای کی اصلاحاتی ٹیم نے امریکی محکمہ خزانہ کے ذریعے لاکھوں امریکیوں کے ذاتی اور مالی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرکے ناقدین میں تشویش پیدا کردی ہے۔

جمعہ کے روز ایک وفاقی جج نے یو ایس ایڈ کے 2200 ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں پر بھیجنے کے انتظامیہ کے منصوبے کو عارضی طور پر روکنے کا حکم دیا تھا۔

اس کے ایک دن بعد ایک اور امریکی جج نے ہنگامی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈی او جی ای کو محکمہ خزانہ کے ادائیگی کے نظام تک رسائی حاصل کرنے سے روک دیا تھا، جس میں امریکیوں کا حساس ڈیٹا موجود ہے۔

امریکی صدر کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ اگلے ایک آدھ روز میں ایلون مسک کو حکم دیں گے کہ وہ ان کی حکومت میں اخراجات میں کٹوتیوں کا رخ محکمہ تعلیم کی طرف موڑ دیں، جو اکثر ری پبلکن پارٹی کی ناراضی کا نشانہ بنتا رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد میں ملٹری کی طرف جاؤں گا‘، اور عزم ظاہر کیا کہ پینٹاگون کے اخراجات، جو 850 ارب ڈالرز سے زائد ہیں، پر نظرثانی کی جائے۔

ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ رکن مارک پوکن کے مطابق ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے کردار کو تنقید کا سامنا ہے کیونکہ ان کی کمپنیوں نے امریکی حکومت کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے کیے ہیں، جن کی مالیت 20 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 اپریل 2025
کارٹون : 7 اپریل 2025