• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am

برطانیہ کا غیر دستاویزی تارکین وطن کو شہریت نہ دینے کیلئے قوانین سخت کرنے کا اعلان

شائع February 13, 2025
— فائل فوٹو: گارجین
— فائل فوٹو: گارجین

برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ امیگریشن قوانین کو سخت کر رہی ہے تاکہ چھوٹی کشتیوں پر آنے والے غیر دستاویزی تارکین وطن کے لیے بعد میں شہریت حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہو جائے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نئی ہدایات کے تحت سمندر کے راستے یا گاڑیوں کے پیچھے چھپ کر آنے والے تارکین وطن کو شہریت دینے سے انکار کر دیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہدایات ان اقدامات کو مزید تقویت دیتی ہیں جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جو کوئی بھی غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہوتا ہے، بشمول بذریعہ چھوٹی کشتی، اسے برطانوی شہریت کی درخواست مسترد کیے جانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘۔

گزشتہ عام انتخابات کے دوران نائجل فیرج کی امیگریشن اصلاحات مخالف یوکے پارٹی نے تقریباً 40 لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے جس کے بعد وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی لیبر حکومت پر تارکین وطن کی تعداد میں کمی لانے کا دباؤ ہے، لیکن قوانین میں تبدیلی کو لیبر پارٹی کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

قانون ساز اسٹیلا کریسی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’اگر ہم کسی کو پناہ گزین کا درجہ دیتے ہیں تو اسے برطانوی شہریت دینے سے انکار کرنا درست نہیں ہو سکتا، انہوں نے مزید کہا کہ یہ پالیسی انہیں ہمیشہ کے لیے دوسرے درجے کا شہری بنادے گی۔‘

امیگریشن قانون کے ایک بلاگ ’فری موومنٹ‘ کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کے فوری نفاذ سے پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد کو برطانوی شہری بننے سے روکا جاسکتا ہے، اس نے تازہ ترین رہنمائی کو ’ناقابل یقین حد تک مضحکہ خیز اور ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ‘ قرار دیا۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کے نئے بارڈر سیکیورٹی، سیاسی پناہ اور امیگریشن بل پر بحث کی تھی، جس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو ’انسداد دہشت گردی طرز کے اختیارات‘ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ غیر قانونی تارکین وطن لانے والے گینگز کا خاتمہ کر سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 اپریل 2025
کارٹون : 31 مارچ 2025