’ایم آئی فائیو‘ نے لندن ہائیکورٹ کو غلط معلومات فراہم کرنے پر عوامی سطح پر معافی مانگ لی
برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ’ایم آئی فائیو‘ کے سربراہ نے بی بی سی کی تحقیقات کے حوالے سے لندن ہائی کورٹ کو ’غلط معلومات‘ فراہم کرنے پر عوامی سطح پر معافی مانگ لی۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بی بی سی کا کہنا ہے کہ ایجنٹ ’ایکس‘ کے نام سے مشہور اس شخص کے بارے میں رپورٹنگ کے دوران سیکرٹ سروس نے مخبروں کی شناخت کی تصدیق یا تردید کرنے کی اپنی دیرینہ پالیسی کے بارے میں عدالتوں کو گمراہ کیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ اس شخص کا نام بتانے سے قاصر ہے، کیونکہ حکومت نے ’این سی این ڈی‘ پالیسی کو جواز کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اسے ایسا کرنے سے روکنے کا حکم حاصل کر لیا تھا۔
تاہم بی بی سی نے کہا کہ ایم آئی 5 کے سینئر افسر نے بعد میں یہ کہہ کر اس پالیسی کی خلاف ورزی کی کہ وہ قانونی طور پر یہ کہنے کے مجاز ہیں کہ ’ایکس‘ ایک ایجنٹ ہے، اور بی بی سی کے رپورٹر کے پاس ریکارڈ شدہ فون کال میں اس شخص کی حیثیت کی تصدیق کی۔
ایم آئی فائیو کے سربراہ کین میک کلم نے ایک بیان میں کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ایم آئی فائیو نے ہمارے گواہوں کے بیان کے ایک پہلو کے حوالے سے ہائی کورٹ کو غلط معلومات فراہم کیں، ہم سچی، درست اور مکمل معلومات فراہم کرنے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور عدالت سے معافی مانگتے ہیں۔
برطانوی وزیر داخلہ یویٹ کوپر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے کے حقائق جاننے اور مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی چیز کو روکنے کے لیے جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
کوپر نے ایک بیان میں کہا کہ عدالت کو غلط معلومات فراہم کرنا واضح طور پر بہت سنگین معاملہ ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت این سی این ڈی پالیسی کی حمایت جاری رکھے گی۔