• KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:17am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:17am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:46am

ایلون مسک، نریندر مودی کی ملاقات کے بعد ٹیسلا نے بھارت میں ملازمتیں دینا شروع کردیں

شائع February 18, 2025
ایلون مسک دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کاروباری مواقع تلاش کر رہے ہیں — فوٹو: رائٹرز
ایلون مسک دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کاروباری مواقع تلاش کر رہے ہیں — فوٹو: رائٹرز

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے بھارت میں لوگوں کو ملازمت پر رکھنے کا آغاز کردیا اور ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک کی کمپنی نے بانی کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے چند دن بعد اشتہار جاری کردیا۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا نے اپنی ویب سائٹ پر دارالحکومت نئی دہلی اور اقتصادی مرکز ممبئی دونوں کے لیے اسٹور مینیجر اور سروس ٹیکنیشنز سمیت ایک درجن سے زائد اسامیوں کے لیے فہرست جاری ہے۔

ملازمت کی فہرستیں پیر کو روزگار کی ویب سائٹ لِنکڈ اِن پر پوسٹ کی گئیں۔ یہ پیشرفت ایلون مسک کی واشنگٹن میں نریندر مودی سے ون آن ون ملاقات کے چند روز بعد سامنے آئی ہے، اس ملاقات کے بعد ان سوالات نے جنم لیا تھا کہ آیا دنیا کے سب سے امیر شخص بھارتی رہنما سے سرکاری یا کاروباری کس صلاحیت میں مل رہے ہیں۔

ایلون مسک دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کاروباری مواقع تلاش کر رہے ہیں، گزشتہ سال میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ فیکٹری اور شو روم کے مقامات کی تلاش کر رہے تھے۔

انہوں نے بھارت میں اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ’اسٹارلنک‘ کا آغاز کرنے کی کوشش کی ہے، نومبر میں وزیر مواصلات جیوترادتیا سندھیا نے کہا تھا کہ اگر کمپنی ’سیکیورٹی‘ ضوابط کی تعمیل کرتی ہے تو اسے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اسٹارلنک، جو زمینی مدار والے سیٹلائٹس کے نیٹ ورک کے ساتھ دور دراز اور منقطع مقامات پر انٹرنیٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کا ممکنہ آغاز سخت پالیسی مباحثوں اور مبینہ قومی سلامتی کے خدشات کو بھی جنم دے سکتا ہے۔

ایلون مسک نے 2024 میں بھارت کا دورہ کرنا تھا، جہاں ان سے سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں کے اعلان کی امید کی جارہی تھی، لیکن بعد میں انہوں نے ’ٹیسلا کی بھاری ذمہ داریوں‘ کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

اگرچہ بھارت کی الیکٹرک کاروں کی مارکیٹ چھوٹی ہے، لیکن اس میں اب بھی ٹیسلا کے لیے ترقی کے مواقع موجود ہیں جو چینی مسابقت میں اضافے اور الیکٹرک گاڑیوں کی سالانہ فروخت میں پہلی بار کمی سے لڑ رہی ہے۔

بھارت میں طویل عرصے سے الیکٹرک گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس عائد ہے اور ایلون مسک نے ایک بار شکایت کی تھی کہ یہ ’دنیا میں سب سے زیادہ‘ میں سے ہیں، جس نے مقامی مینوفیکچرنگ کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیسلا کی گاڑیوں کر سڑکوں پر آنے سے روک رکھا تھا۔

لیکن بھارت نے گزشتہ سال ان عالمی کار ساز اداروں کے لیے الیکٹرک گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس کم کر دیا تھا جنہوں نے 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے اور تین سال کے اندر مقامی پیداوار شروع کرنے کا عہد کیا۔

نئی دہلی نے نریندر مودی کے دورہ واشنگٹن سے قبل فوری ٹیرف رعایت کی پیشکش کی تھی، جس میں اعلیٰ درجے کی موٹرسائیکلوں پر ڈیوٹی میں کمی بھی شامل ہے جس سے ہارلے ڈیوڈسن کو فروغ دینا ہے جو امریکا کی مشہور مینوفیکچرر ہے جس کی بھارت میں جدوجہد نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ناراض کردیا تھا۔

ٹرمپ کے امیگریشن کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر بھارت پہلے ہی تین امریکی فوجی پروازوں کے ذریعے آنے والے 300 سے زیادہ تارکین وطن کو قبول کر چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025