• KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:17am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:17am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:46am

ایران نے گرفتار برطانوی جوڑے پر جاسوسی کے الزامات عائد کردیے

شائع February 18, 2025 اپ ڈیٹ February 19, 2025
—فائل فوٹو: بشکریہ دی گارڈین
—فائل فوٹو: بشکریہ دی گارڈین

ایران نے برطانوی جوڑے کریگ اور لنڈسے فورمین پر جاسوسی اور مغربی انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ مبینہ تعاون کا الزام عائد کردیا، جنہیں گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عدالتی ترجمان اصغر جہانگیر نے بتایا کہ جوڑا ’ خود کوسیاح ظاہر کر کے’ ایران میں داخل ہوا اور جنوب مشرقی صوبے کرمان میں معلومات اکٹھی کر رہا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔

عدلیہ کی میزان آن لائن ویب سائٹ نے کرمان کے چیف جسٹس ابراہیم حمیدی کے حوالے سے بتایا کہ جوڑے کے غیر ملکی انٹیلی جنس سروسز سے روابط کی تصدیق ہو گئی ہے۔

چیف جسٹس ابراہیم حمیدی کا مزید کہنا تھا کہ مزید تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔

چیف جسٹس ابراہیم حمیدی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ انہیں ایران کے پاسداران انقلاب اسلامی نے ’جاسوسی کے الزام میں‘ حراست میں لیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ان پر متعدد صوبوں سے معلومات اکٹھی کرنے اور مخالف و مغربی ممالک کی انٹیلی جنس سروسز سے منسلک خفیہ اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام ہے۔

بی بی سی نے رپورٹ کیا تھا کہ جوڑے کی عمر 50 کے قریب ہے، اور وہ دنیا بھر میں موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے، انہیں جنوری میں حراست میں لیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پوسٹس کے مطابق برطانوی جوڑا دسمبر میں آرمینیا سے ایران میں داخل ہوا اور وہ آسٹریلیا کی طرف جا رہے تھے۔

برطانیہ کے دفتر خارجہ نے جمعہ (14 فروری) کو کہا تھا کہ وہ ایران میں زیر حراست 2 برطانوی شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کر رہا ہے اور ایرانی حکام سے رابطے میں ہے۔

ایران کی سرکاری ارنا نیوز ایجنسی نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ برطانوی سفیر ہیوگو شارٹر نے کرمان پراسیکیوٹر دفتر میں جوڑے سے ملاقات کی۔

نیوز ایجنسی نے ملاقات کی تصویر بھی شائع کی تھی، جس میں جوڑے کے چہرے کو دھندلا کر دیا گیا تھا۔

برطانوی حکومت نے تمام شہریوں کو ایران سفر نہ کرنے کا انتباہ جاری کر رکھا ہے۔

ایران میں کئی دوسرے یورپی باشندے زیر حراست ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں مغربی حکومتوں کے ساتھ قیدیوں کے متعدد تبادلے کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری 2023 میں ایران نے برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سابق نائب وزیر دفاع اور ایرانی نژاد برطانوی شہری علی رضا اکبری کو پھانسی دے دی تھی۔

برطانیہ کے وزیراعظم نے اسے بزدلانہ اور ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وحشیانہ دور حکومت میں انسانی بنیادی حقوق کا احترام نہیں کیا جارہا۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025