• KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:59pm Isha 7:20pm
  • ISB: Maghrib 6:03pm Isha 7:26pm
  • KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:59pm Isha 7:20pm
  • ISB: Maghrib 6:03pm Isha 7:26pm

غیر قانونی سمز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، پی ٹی اے کا نجی فرنچائز پر چھاپہ

شائع February 27, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ پنجاب کے ضلع ساہیوال میں نجی ٹیلی کام فرنچائز پر چھاپہ مارا کر غیر قانونی سمز کے اجرا میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کے زونل آفس لاہور نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کر ساہیوال کے علاقے عارف والا میں واقع یو فون کی فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا، جہاں غیر قانونی طور پر سمز کا اجرا کیا جارہا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران 650 کاغذی فنگر پرنٹس (6 ہزار 500 نشانات)، ایک ہزار 500 ڈیجیٹل فنگر پرنٹس (15,000 نشانات)، 12 سلیکون انگوٹھے/ فنگر سیٹ، 105 فعال سمیں ، 3 بی وی ایس ڈیوائسز، ایک اسکینر اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے سامان قبضے میں لیتے ہوئے فرنچائز مالک کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا، جبکہ بہاولنگر سے ایک اور شخص کو فنگر پرنٹس فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ کیس کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے۔

پی ٹی اے کا اعلامیے میں کہنا تھا کہ یہ اقدام پی ٹی اے کی ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس ) کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، اتھارٹی غیر قانونی طور پر سم کے اجرا کے خاتمے اور قانون کے نفاذ کے ضمن میں پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار اور 7 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز ضبط کر لی تھیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ملتان میں 5 چھاپے مارے گئے اور 7 ہزار 64 سمیں اور 8 افراد کو گرفتار کیا گیا، لاہور او گوجرانوالہ میں حکام نے 252 سمز قبضے میں لیں اور دو دکانداروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دریں اثنا، راولپنڈی میں 335 برطانیہ کی سمز اور دیگر کارڈز قبضے میں لیے گئے تھے، اس کے علاوہ کراچی میں 10 سمز کو ضبط اور ایک دکاندار کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا تھا کہ پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی فروخت کے خلاف پرعزم ہے اور عوام سے تعاون کرنے کی اپیل ہے تاکہ ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔

15 فروری کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے انکشاف کیا تھا کہ غیر قانونی بین الاقوامی سمز خاص طور پر برطانیہ کی سمز پاکستان میں بڑے پیمانے پر بچوں کی پورنوگرافی، اغوا برائے تاوان اور آن لائن مالیاتی فراڈ سمیت سنگین جرائم کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 فروری 2025
کارٹون : 27 فروری 2025