• KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:59pm Isha 7:20pm
  • ISB: Maghrib 6:03pm Isha 7:26pm
  • KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:59pm Isha 7:20pm
  • ISB: Maghrib 6:03pm Isha 7:26pm

’وزیراعظم چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کا نوٹس لیں گے‘

شائع February 27, 2025
— فائل فوٹو: آئی سی سی / کرک انفو
— فائل فوٹو: آئی سی سی / کرک انفو

وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کوئی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر شہباز شریف نوٹس لیں گے جب کہ بورڈ میں لوگ اپنی طاقت سے آنے کے بعد من مرضی کرتے ہیں، یہاں 50،50 لاکھ تنخواہیں لینے والے مینٹورز کچھ نہیں کرتے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو میں گفتگو کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ ایک آزاد ادارہ ہے اور ان کا جو دل کرے وہ کرسکتا ہے لیکن بورڈ اور ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر میری ذاتی رائے ہے کہ میں وزیراعظم سے استدعا کروں گا کہ اس پر پارلیمنٹ اور کابینہ میں بحث ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک چیئرمین کی بات نہیں ہے یہ ایک سلسلہ ہے، پچھلے 10 سال آپ دیکھ لیں کہ وہاں کیا ہوتا رہا ہے، نچلی سطح پر کلب یا ڈسٹرکٹ لیول کی کرکٹ پر کیا پیسہ خرچ ہورہا ہے اور اوپر کے لیول پر کتنے اور کس قسم کے اخراجات ہورہے ہیں۔

’بورڈ کے حالات دیکھ کر پتہ نہیں چلتا یہ پاکستان ہے یا پھر یورپ کا کوئی ترقی یافتہ ملک‘

ان کا کہنا تھا کہ 50، 50 لاکھ کے مینٹور بنادیے گئے اور انہیں خود میڈیا میں یہ کہتے ہوئے سناگیا ہے کہ ہمیں پتہ ہی نہیں ہمارا کام کیا ہے، یعنی کام نہ کرنے کے 50 لاکھ روپے ماہانہ دیے جارہے ہیں، اس کے علاوہ دیگر ذمہ داران کو ملنے والی مراعات کو دیکھیں تو پتہ نہیں چلتا کہ یہ پاکستان ہے یا پھر یورپ کا کوئی ترقی یافتہ ملک ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اپنے ہی ملک میں 29 سال بعد ہونے والے آئی سی سی ایونٹس سے پانچویں روز ہی باہر ہوگیا اور ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

آج راولپنڈی میں گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا جس کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ کا اختتام گروپ میں سب سے نچلی ٹیم کے طور پر کیا، یہاں تک کہ بنگلہ دیشی ٹیم بھی رن ریٹ میں قومی ٹیم سے بہتر رہی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور قومی ٹیم کی کیویز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ مسلسل تیسری شکست تھی۔

بعد ازاں، قومی ٹیم نے دبئی کا رخ کیا جہاں 23 فروری کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوا لیکن بھارت یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو انتہائی آسانی سے شکست دینے میں کامیاب ہوگیا، اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر بھی تمام ہوگیا۔

’بورڈ میں لوگ اپنی طاقت سے آنے کے بعد من مرضی کرتے ہیں‘

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ان تمام چیزوں کا نوٹس لیں گے اور ہم بھی انہیں کہیں گے کہ اس پر بحث کی جائے، یہ کوئی ایک یا دو سال یا 5 سال کی بات نہیں، یہ ایک ایسا سلسلہ ہے جو کافی عرصے سے چلا آرہا ہے کہ وہاں پر اپنی مرضی اور طاقت سے لوگ آجاتے ہیں جو اپنی من مرضی کرتے ہیں جس کی وجہ آج کرکٹ بورڈ اور کرکٹ کا جو حال ہے، اس میں بہتری آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا کوئی طریقہ کار بننا چاہیے ار ایک مستقل ادارے یا بورڈ کے طور پر اس کی کوئی ایسی شکل سامنے آئے جس طرح باقی دنیا میں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر اسپورٹس ایسوسی ایشن کا بھی یہی حال ہے جہاں لوگ ریٹائرمنٹ کے بعد عہدوں پر براجمان ہوجاتے ہیں اور سیر سپاٹے اور دیگر مراعات حاصل کرتے رہتے ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 فروری 2025
کارٹون : 27 فروری 2025