کراچی میں ایک اور حادثہ، ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق
کراچی میں ہیوی گاڑی سے ایک اور حادثہ ہو گیا، شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں ایک ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا کزن زخمی ہوگیا۔
واضح رہے کہ بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی کے قوانین کو حال ہی میں شہر کراچی میں نافذ کیا گیا تھا، جس کی وجہ ڈمپر اور ٹینکرز کے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور شہریوں کی اموات پر احتجاج کے بعد کیا گیا تھا۔
رواں ماہ کے اوائل میں صوبائی حکومت نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی، انہیں صرف رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک چلنے کی اجازت تھی، تاہم پانی، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، گوشت اور دیگر ضروری سامان لے جانے والی ہیوی گاڑیاں اس سے مستثنیٰ ہیں، جبکہ بڑھتے حادثات کے درمیان حکومت سندھ نے کراچی میں تمام بھاری گاڑیوں کے لیے فزیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا ہونا لازمی قرار دے دیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ملیر سعید رند نے ڈان کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار داؤد چالی کے قریب جا رہے تھے کہ ہیوی گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، جبکہ ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا، جہاں 25 سالہ شہباز کو مردہ قرار دیا گیا، تاہم ان کے کزن علی حیدر کو علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔
پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ متوفی کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے ہے، جہاں ان کی میت کو تدفین کے لیے لے جایا گیا، لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ وہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کریں گے ۔
ادھر، ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے ایک بیان کے مطابق آج کے اوائل میں پرانی سبزی منڈی کے قریب مین یونیورسٹی روڈ پر ایک نامعلوم شخص ہٹ اینڈ رن کے واقعے میں ہلاک ہو گیا، مزید کہا گیا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو کراچی میں نیٹی جیٹی پل پر ٹرالر کی ٹکر سے کار سوار باپ اور ایک بیٹا جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ حادثے کے نتیجے میں رکشہ سوار شدید زخمی ہوگیا تھا۔
کراچی کے علاقے کیماڑی میں نیٹی جیٹی پر ٹرالر کی ٹکر سے ایک کار پل سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود باپ اور بیٹا زندگی کی بازی ہارگئے تھے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ٹرالر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا، جاں بحق افراد ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ سے سائٹ ایریا میں اپنی فیکٹری جا رہے تھے۔