مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل کے چیئرمین کا 8 ماہ بعد تقرر کردیا گیا
تقریباً آٹھ ماہ کے وقفے کے بعد وفاقی حکومت نے مسابقتی اپیلٹ ٹربیونل (کیٹ) کے چیئرمین اور دو ارکان کا تقرر کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج جسٹس سجاد علی شاہ کو ’کیٹ‘ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر فیض الہٰی میمن اور عاصم اکرم کو ٹربیونل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
’کیٹ‘ ایک خصوصی فورم ہے جو مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتا ہے۔
نومبر 2023 میں وفاقی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل کو ٹربیونل کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔
تاہم، جون 2024 میں سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج ان کے تقرر کے بعد، ٹربیونل دوبارہ غیر فعال ہوگیا تھا۔
یہ ٹربیونل مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 43 کے تحت قائم کیا گیا تھا، اور اس میں ایک چیئرپرسن اور دو تکنیکی اراکین شامل ہیں۔