کراچی: بوٹ بیسن میں کار سواروں پر تشدد میں ملوث شاہ زین مری بلوچستان فرار،7 گارڈ گرفتار
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں کار سوار شہریوں پر مسلح افراد کے تشدد کے بعد پولیس نے واقعے میں ملوث 7 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے کا مرکزی ملزی شاہ زین مری بلوچستان فرار ہوگیا۔
ڈی آئی جی جنوبی کے مطابق بوٹ بیسن پر جھگڑے کے معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رات گئے دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور 7 گارڈز کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے جدید ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی جنوبی کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ کی جانچ کی جارہی ہے کہ ہتھیار لائسنس یافتہ تھے یا نہیں، انہوں نے بتایا کہ گرفتار گارڈز شاہ زین مری کے ذاتی محافظ ہیں جن کی شناخت غوث بخش، جلاد خان، علی زین اور حسن کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق مرکزی ملزم شاہ زین مری نے اپنے گارڈز کے ساتھ مل کر ایک شہری پر تشدد کیا اور واقعے کے بعد بلوچستان فرار ہو گیا۔
انہوں نے بتایا پولیس نے شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے رابطہ کر لیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ تشدد کا واقعہ 19 فروری کو رات 3 بجے پیش آیا تھا، واقعے کا مقدمہ دفعہ 324/34 / 147/148 /149/ 506 B /504 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تشدد کا واقعہ 19 فروری کو رات 3 بجے پیش آیا تھا، زون جنوبی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا تھا، پولیس نے بتایا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی کا ریکارڈ معلوم کرلیا ہے اور کچھ ملزمان کی شناخت کی جاچکی ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔