مسلسل چوتھے روز سونے کی قیمت میں کتنی کمی ہوئی؟
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان چوتھے روز بھی جاری رہا، آج فی تولہ سونا مزید 2 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ 24 قیراط کے حامل فی تولہ خالص سونے کے دام 2 ہزار 500 روپے کمی سے 3 لاکھ 500 روپے ہو گئے۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 2 ہزار 143 روپے گر کر 2 لاکھ 57 ہزار 639 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کا بھاؤ ایک ہزار 964 روپے تنزلی سے 2 لاکھ 36 ہزار 169 روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر، فی تولہ اور 10 گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 64 روپے اور 55 روپے کی کمی سے 3 ہزار 250 روپے اور 2 ہزار 786 روپے ہو گئی۔
ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی منڈی میں فی اونس سونا 24 ڈالر کمی سے 2 ہزار 863 ڈالر میں فروخت ہوا۔