سوات: اللہ اکبر مسجد سیدو شریف میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کی وادی سوات کے علاقے سیدو شریف کی اللہ اکبر مسجد میں فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 دیگر زخمی ہوگئے۔
ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مالاکنڈ شیر اکبر خان نے ڈان کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق 5 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
آر پی او شیر اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے۔
بعدازاں، سیدو شریف میں پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سوات ناصر محمود نے بتایا کہ واقعے میں تاحال کسی دہشت گردی کے عنصر کے شواہد نہیں ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں، ملزم نے چند روز قبل اپنی بہن کو بھی قتل کیا تھا۔
ڈی پی او سوات ناصر محمود نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔